پاکستان

بلوچستان میں خسرہ سے متاثرہ 8 بچے ہلاک

ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقوں قلعی حبیب زئی اور ماچکا میں خسرہ کے باعث 8 بچے ہلاک ہوگئے، صوبائی سیکریٹری ہیلتھ

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران خسرہ کی بیماری میں مبتلہ ہو کر کم سے کم 8 بچے ہلاک ہوگئے۔

بلوچستان کے سیکریٹری ہیلتھ عصمت اللہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ قلعہ عبداللہ کے علاقے قلعی حبیب زئی اور ماچکا میں خسرہ سے کم سے کم 40 بچے متاثر ہوئے ہیں۔

سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ متاثرہ دیہاتوں میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے اور متاثرہ بچوں کو ادویات کی فراہمی کیلئے انسداد خسرہ ٹیموں کو علاقے میں روانہ کردیا گیا ہے۔

عصمت اللہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ 'ہماری ٹیم نے کم سے کم 180 بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن فراہم کردی ہے'۔

یاد رہے کہ خسرہ سے بچاؤ کی 8 سہولیات میں سے 5 قلعہ عبداللہ اور دیگر 3 ماچکا میں موجود ہیں۔

عصمت اللہ کاکڑ نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ماچکا کے علاقے میں بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینشن دینے کی مہم کا آغاز جمعہ سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں 80 فیصد سے زائد بچے معمول کے حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہتے ہیں۔