عروہ اور فرحان ایک ساتھ ٹیلی فلم میں کاسٹ
پاکستانی اداکار اور گلوکار فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین کے مداحوں کے لیے ایک خوشخبری ہے کہ ان کا پسندیدہ جوڑا رواں سال عید پر ایک ساتھ ٹیلی فلم میں کام کرتا نظر آئے گا۔
اس ٹیلی فلم کی کہانی مزاح پر مبنی ہوگی جس میں عروہ اور فرحان مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ صبا حمید، عثمان پیرزادہ، آصف رضا میر اور عفت عمر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کی ہدایات پاکستان کی کامیاب فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے ہدایت کار ندیم بیگ دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: عروہ اور فرحان کی شادی بری نظیر کیوں؟
عروہ نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اپنی ٹیلی فلم کے حوالے سے بتایا کہ ’اس پراجیکٹ کا حصہ بن کر میں بےحد پُر جوش ہوں، فلم کی کاسٹ شاندار ہے، یہ فلم میرے اور فرحان کے لیے کافی خاص ہے کیوں کہ ہم اڈاری کے بعد اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، ندیم بیگ بہترین ہدایت کار ہیں، مجھے فلم پنجاب نہیں جاؤں گی میں ان کے ساتھ کام کرکے بےحد مزہ آیا اور مجھے خوشی ہے کہ میں دوبارہ اتنی جلدی ان کے ساتھ کام کر رہی ہوں‘۔
فرحان سعید نے بھی کہا کہ ’یہ پراجیکٹ میرے لیے خاص ہے، صرف اس لیے نہیں کہ میں عروہ کے ساتھ دوبارہ نظر آؤں گا بلکہ ندیم اس ملک کے بہترین ہدایتکاروں میں سے ایک ہیں، میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں اس ٹیلی فلم میں صبا حمید، عثمان پیرزادہ، آصف رضا میر اور عفت عمر کے ساتھ کام کررہا ہوں، مداح عید کے موقع پر اس ٹیلی فلم کو ضرور پسند کریں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: عروہ، فرحان کی شادی کی تقریبات کا خوشگوار اختتام
خیال رہے کہ فرحان سعید اور عروہ حسین نے ایک ساتھ کئی پراجیکٹس پر کام کیا، جن میں سے ایک ان کا کامیاب ڈرامہ ’اڈاری‘ تھا۔
یہ دونوں اداکار گزشتہ سال 16 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔