پاکستان

کالعدم تنظیموں کی فیس بک پر سرگرمیوں پر بریفنگ

حکومت پارلیمانی کمیٹی کو 15 جون کو کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بریفنگ دے گی، اسپیکر ایازصادق

قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی نے فیس بک پر کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بریفنگ طلب کرلی ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایازصادق کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا جبکہ 15 جون کو بریفنگ طلب کرلی گئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی شیری رحمٰن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شاہ محمود قریشی نے اجلاس میں معاملے کو اٹھایا جبکہ اجلاس عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں جاری بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے مقدمے کے حوالے سے پاکستان کے قانونی حکمر عملی پر منعقد ہورہا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران شیری رحمٰن اور شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انھیں حیرت ہے کہ کالعدم تنظمیں فیس بک پر آزادانہ طریقے سے سرگرم ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگلے اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار بھی موجود ہوں اور کالعدم تنظیموں کی آن لائن سرگرمیوں کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کریں۔

اسپیکر ایازصادق نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کمیٹی کو 15 جون کو بریف کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے امورخارجہ کے مشیر سرتاج عزیز بھی ریاض میں منعقدہ مسلم سربراہی کانفرنس کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں کمیٹی کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے پاکستان کی قانونی حکمت سے آگاہ کیا گیا۔

اٹارنی جنرل اشتراوصاف، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ناصر جنجوعہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اورخارجہ امور کی سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ نے اجلاس کو آگاہ کیا۔

پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی کرنے والے اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ اٹارنی جنرل اشتراوصاف پاکستان کی قانونی ٹیم کی سربراہی کریں گے جو 5 جون کو ہیگ کے لیے روانہ ہوگی۔

ایازصادق کا کہنا تھا کہ پاکستانی قانونی ٹیم 8 جون کو آئی سی جے کے صدر سے ملاقات کرے گی۔