بکریوں کے ساتھ یوگا—امریکیوں کا نیا شوق
لاس اینجلس: امریکا میں آغاز ہوا ہے ایک ایسے منفرد یوگا کلب کا جہاں کلاسز لینے کے لیے ہر عمر کے افراد کا تانتا بندھ گیا ہے، جس کی وجہ یہاں بڑی تعداد میں چھوٹی چھوٹی بکریوں کی موجودگی ہے۔
'گوٹ یوگا' نامی اس کلب میں یوگا سیکھنے کے شوقین افراد 'نمستے' کہنا سیکھنے کے ساتھ ساتھ جسمانی، دماغی اور روحانی سکون حاصل کرتے ہیں اور درجن کی تعداد میں موجود بکریوں کی اٹکھیلیوں سے محظوظ بھی ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ یوگا کو دل، دماغ اور جسم تینوں کی ورزش قرار دیا جاتا ہے، ہندومت اور بدھ مت کا ایک قدیم روحانی عمل سمجھی جانے والی یہ ورزش اب دنیا بھر کے لوگوں میں خاصی مقبول ہوچکی ہے۔
لیکن امریکا کے اس یوگا کلب میں بکریوں کو متعارف کرانے کی آخر کیا وجہ ہے؟ ملک کے فارمز میں چھوٹی نسل کی نائجیرین اور ویسٹ افریقی بکریوں کو آخر کیوں کھلا چھوڑ دیا گیا؟ اس حوالے سے اس کلب میں یوگا کے لیے آنے والے افراد کچھ یوں اظہار خیال کرتے ہیں۔
لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے میں اپنی پہلی گوٹ یوگا کلاس میں شرکت کرنے والی 53 سالہ ابراہیمی کہتی ہیں کہ 'پہلے پہل یہ تجربہ ان کے لیے کچھ ڈراؤنا تھا کیونکہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ بکریاں ان کی کمر پر چڑھ جائیں گی'۔
ابراہیمی کے مطابق 'لیکن جب آپ اس ماحول کو محسوس کرتے ہیں، جانور کی موجودگی میں آپ گھاس پھوس پر لیٹے ہوئے ہیں، سورج چمک رہا ہے اور درخت، نیلا آسمان آپ کے ارد گرد ہے تو یہ سب بہت آرام دہ اور اچھا لگتا ہے'۔
لاس اینجلس میں ہونے والی اس کلاس میں بچوں سمیت 20 افراد اور 15 بکریاں شریک تھیں، جہاں یوگا کا مکمل اہتمام گھاس پھوس کے درمیان ہی کیا گیا تھا۔
ایک جانب جہاں یوگا انسٹرکٹر میریتھ لانا تمام افراد کو سانس اندر کھینچنے، چھوڑنے اور مختلف زاویوں سے جسم کو حرکت دینے کی ہدایت کرتی ہیں وہیں پس منظر میں ان بکریوں کی 'میں میں' بھی جاری رہتی ہے۔
یہ بکریاں کبھی کسی کی پشت پر چڑھتی ہیں تو کبھی کسی کے سر کو بالوں کو چبانے کی کوشش کرتی نظر آتی ہیں۔
یوگا انسٹرکٹر لانا کے مطابق 'یہ بکریاں بہت پیاری اور دوستانہ مزاج کی ہیں، یہ کبھی کبھی لوگوں کے بالوں پر بھی جگالی کرنا شروع کردیتی ہیں لیکن ان کے ساتھ یوگا کرنا بہت دلچسپ ہوتا ہے'۔
ان بکریوں کی مالک ڈینیٹ میک رینلڈز کہتی ہیں کہ 'بکریوں کے ساتھ کی جانے والی تھراپی بیش بہا ہے'۔
ان کا کہنا تھا 'ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ بکریوں کے ساتھ یوگا کا آئیڈیا کیسا رہے گا لیکن لوگوں کو یہ بہت پسند آچکا ہے اور ہم بہت ساری بکنگز حاصل کرچکے ہیں'۔
اپنے خاوند اور دوستوں کے ہمراہ اس کلاس میں شرکت کرنے والی جوڈی واٹرز کہتی ہیں کہ 'یہ ورزش ٹینشن سے نجات کا بہترین ذریعہ ہے'۔
جوڈی کے مطابق 'آپ اس وقت بالکل غصہ نہیں ہوسکتے جب کئی ساری چھوٹی چھوٹی پیاری بکریاں آپ کے ارگرد پھدک رہی ہوں'۔