Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 جون 2017 11:53am

پاکستان کی جیت پر رشی کپور کا ردعمل

پاکستان کے ہاتھوں چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی بدترین شکست کے بعد بھارتی اداکار رشی کپور نے بھی ہار تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔

پاکستان نے اوول میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت کو کھیل کے تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 180 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کاچیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپیئن بن گیا

فائنل میچ سے قبل جہاں ہندوستانی میڈیا نے پاکستانی ٹیم کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کی فائنل میں جیت کو ناممکن قرار دیا تھا وہیں اداکار رشی کپور نے بھی پاکستان کیلئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔

رشی کپور نے اپنی ٹوئیٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ’پی سی بی کرکٹ ٹیم بھیجنا پلیز، پہلے ہاکی یا کھو کھو ٹیم بھیجی تھیں، کیوں کہ 18 جون (فادرز ڈے) پر باپ کھیل رہا ہے تمہارے ساتھ‘۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت فائنل: رشی کپور کو متعصبانہ ٹوئیٹس پر تنقید کا سامنا

اپنی ٹوئٹس کے سلسلے میں رشی کپور نے ایک ایسی ٹویٹ بھی کی، جسے پڑھ کر صارفین آگ بگولہ ہوگئے، اداکار نے لکھا ’اچھا چھوڑو یار، تم لوگ جیتو اور ہزاروں بار جیتو صرف دہشت گردی بند کردو یار، مجھے ہار منظور ہے، ہمیں امن اور پیار چاہیے‘۔

تاہم اب فائنل میں بھارتی ٹیم کی بدترین شکست کے بعد رشی کپور نے ہار تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو جیت پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ نے ہمیں شکست دی۔ آپ بہت اچھا کھیلے۔ ہمیں تمام شعبوں میں مات دی۔ بہت مبارک ہو۔ میں ہار مانتا ہوں۔

پاکستانی ٹیم کے خلاف باتیں کرنے والے سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ کا بھی پاکستان کی فتح کے بعد لہجہ بدل گیا اور انہوں نے بھی گرین شرٹس کو عمدہ فتح پر مبارکباد دی۔

Read Comments