گوگل نے اپنا ڈیجیٹل 'فجِٹ اسپنر' پیش کردیا

روایتی فجٹ اسپنر کے ساتھ ساتھ گوگل نے اس ورچوئل کھلونے کو نمبروں سے مزین پہیئے کی صورت میں بھی پیش کیا ہے۔

بظاہر کسی پرزے جیسا نظر آنے والا چھوٹا سا 'فجِٹ اسپنر' دنیا بھر کے لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ چکا ہے۔

دنیا بھر میں موجود ہر عمر، ہر رنگ و نسل اور ہر تہذیب سے تعلق رکھنے والے افراد اس چھوٹے سے تین رخ والے کھلونے کو گھماتے نظر آتے ہیں۔

چند افراد کا خیال ہے کا اس کی گردش سے توجہ مرکوز کرنے اور اعصابی سکون حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے یہ ہی وجہ ہے کہ یہ کھلونا بہت قلیل وقت میں دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔

لوگوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے فجٹ اسپنر تیار کرنے والی کمپنیوں نے اسے مختلف رنگوں میں پیش کیا اور اب تک پلاسٹک، دھات، لکڑی شیشے سمیت تقریبا ہر ٹھوس شے کے فجٹ اسپنر تیار کیے جاچکے ہیں۔

اور اب دنیا کے سب سے مقبول سرچ انجن 'گوگل' نے بھی اس کھلونے کو ڈیجیٹل صورت میں پیش کردیا ہے۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

لہذا اگر آپ ان افراد میں سے ہیں جنہوں نے ابھی تک فجٹ اسپنر نہیں خریدا تو گوکل سرچ میں 'spinner' لکھ کر اس کھلونے سے کھیل سکتے ہیں۔

روایتی فجٹ اسپنر کے ساتھ ساتھ گوگل نے اس ورچوئل کھلونے کو نمبروں سے مزین پہیئے کی صورت میں بھی پیش کیا ہے۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

دونوں صورتوں میں صرف ماؤس کی ایک کلک سے ان کھلونوں کو حرکت دی جاسکتی ہے۔

اصلی فجٹ اسپنر کے برعکس یہ ڈیجیٹل اسپنر کافی دیر تک گردش کرتا رہتا ہے۔

آپ بھی گوگل سرچ پر تجربہ کرکے دیکھیں، کیا یہ واقعی اعصابی تناؤ کو کم کرنے میں مدد گار ہے؟