صلاح الدین پرپابندی کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی ہے:مسعود خان
آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود احمد خان نے امریکا کی جانب سے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کو کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے قابض بھارتی فوج کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
مسعود احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حزب المجاہدین نے امریکا کی سلامتی اور مفادات کے منافی کبھی کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے کے بجائے کشمیر پر قابض بھارتی فوج کو دہشت گرد قرار دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا ظالم کے بجائے مظلوم کا ساتھ دے اور اس متعصبانہ اور ناقص فیصلے کو واپس لے۔
خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے دو روز قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے مصروف حزب المجاہدین کے سربراہ صلاح الدین کو خصوصی عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
مزید پڑھیں:حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین عالمی دہشت گرد قرار
آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں اس لیے امریکا کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے منصافانہ حمایت کی ذمہ داری پوری کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی قرار نہیں دیا جاسکتا جبکہ پاکستان مسلط کی گئی بیرونی دہشت گردی کا بدترین شکار ہے۔
حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو امریکا کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے اور ان پر لگائی جانے والی پابندیوں پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں عوام نے احتجاج کرتے ہوئے ریلی اور مظاہروں کے دوران امریکا اور بھارت مخالف نعرے بازی کی۔
مظفرآباد کے مشہور 'برہان وانی چوک' پر جمع مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر حزب المجاہدین کے کمانڈر کے حق میں نعرے درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر : سید صلاح الدین پر امریکی پابندی کے خلاف احتجاج
کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کو 'دہشت گردی' قرار دینے پر کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ریلی کے دوران مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ بھارت کا پرچم بھی نذر آتش کردیا۔
مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صلاح الدین پر پابندی لگانے کا مقصد در اصل امریکی دورے پر موجود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خوش کرنا ہے۔