Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2017 10:25pm

گلیمر کے بغیر مشہور 70 سالہ یوٹیوب اسٹار

سوشل میڈیا بالخصوص یوٹیوب پر گلیمر کی چکاچوند میں ایک یوٹیوب اسٹار ایسی بھی ہیں جو میک اپ کے بغیر اپنے جھریوں زدہ چہرے کے ساتھ لوگوں کی توجہ سمیٹ کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کا سبب بن رہی ہیں۔

70 سالہ پارک میکریے کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے اور ان کا یوٹیوب چینل ان دنوں جنوبی کورین نوجوانوں میں خاصی مقبولیت اختیار کرچکا ہے۔

پارک میکریے کی مشہوری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سام سنگ سمیت کئی بڑی کمپنیاں اب انہیں اسپانسر کرنے لگی ہیں۔

لیکن سلیبرٹی کی حیثیت حاصل کرنے کے باوجود بھی وہ علی الصبح اٹھ کر اپنے ریسٹورنٹ کے کاموں میں لگ جاتی ہیں۔

اپنی سادہ ویڈیوز کی وجہ سے وہ نوجوانوں میں خاصی مقبول ہوچکی ہیں—فوٹو: اے پی

پارک میکریے کوئی اسٹائلش بیوٹی آئیکون نہیں ہیں، 'گرینڈ ماز ڈائری' کے نام سے اپنے یوٹیوب چینل پر وہ اپنے دوستوں سے ملنے، کبھی کوئی نئی کھانے کی ڈش پہلی بار چکھنے تو کبھی کبھار میک اپ کے ساتھ اپنے تجربات کی ویڈیوز انٹرنیٹ صارفین سے شیئر کرتی ہیں۔

یوٹیوب سبسکرائبرز ان کی سادہ مگر دل سے بنی ویڈیوز کو پسند کرتے ہیں۔

کئی بڑی کمپنیاں خاتون کو اسپانسر کرنے لگی ہیں—فوٹو: اے پی

وہ کہتی ہیں کہ یوٹیوب پر آمد سے قبل انہیں لگتا تھا کہ 70 سال کی عمر کو پہنچنے پر زندگی بہت بدمزہ ہوگئی ہے لیکن اب مجھے ایسا لگتا ہے کہ زندگی تو اب شروع ہوئی ہے'۔

اپنی پوتی کی مدد سے ویڈیوز بنانے والی 70 سالہ جواں دل خاتون عنقریب سام سنگ ٹی وی کے یو ٹیوب کمرشل میں بھی نظر آنے والی ہیں۔

خاتون اپنی پوتی کی مدد سے ویڈیوز ریکارڈ کرتی ہیں—فوٹو: اے پی

6 مہینے سے بھی کم وقت میں پارک میکریے کے یوٹیوب اور انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 4 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

70 سالہ خاتون کی یہ ویڈیو دیکھیں جس میں وہ موجودہ دور کے میک اپ ٹرینڈز کے مطابق نظر آنے کی کوشش کررہی ہیں۔

Read Comments