Dawn News Television

شائع 29 جولائ 2017 11:50am

بولی وڈ اداکار اندر کمار چل بسے

بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار اندر کمار دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا نے اداکار کے خاندانی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 28 جولائی کی شب جب اندر کمار کو دل کا دورہ پڑا وہ اندھیری میں واقع اپنی رہائش گاہ میں موجود تھے۔

اندر کمار، سلمان خان کی متعدد بلاک بسٹر فلموں میں ان کے ہمراہ کام کرچکے ہیں، جن میں 'کہیں پیار نہ ہوجائے'، 'تم کو نہ بھول پائیں گے' اور 'وانٹڈ' قابلِ ذکر ہیں۔

اندر کمار سپورٹنگ اداکار کے حوالے سے خاص طور پر پہچانے جاتے تھے.

وہ ایکتا کپور کے طویل عرصے تک چلنے والے ٹیلی ویژن ڈرامے 'کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی' میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں جبکہ ان دنوں بھی وہ ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

1996 میں اندر کمار کے ساتھ اُس وقت کی مشہور فلم 'خطروں کے کھلاڑی' میں کام کرنے والی اداکارہ روینہ ٹنڈن نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے غم کا اظہار کیا۔

اداکار کے اہل خانہ کے لیے دعاؤں کا اظہار کرتے ہوئے روینہ کا کہنا تھا کہ وہ اندر کمار کی موت کی خبر سن کر حیران ہیں، ابھی ان کی عمر بہت کم تھی۔

کئی دیگر مشہور شخصیات نے بھی اندر کمار کی موت پر صدمے کا اظہار کیا۔

انوپم کھیر نے لکھا، 'اندر کمار کی موت کی خبر سن کر بہت افسردہ ہوں، بہت کم فلموں میں ان کے ساتھ کام کیا تھا لیکن وہ ایک سادہ، خوش مزاج اور کام سے لگاؤ رکھنے والے انسان تھے'۔

ابھیشک بچن نے بھی انہیں اچھے الفاظ میں یاد کیا.

تشار کپور اور رتیش دیش مکھ نے بھی اندر کمار کے لیے پیغامات دیے۔

Read Comments