پاکستان

این اے 120 ضمنی الیکشن کے دوران فوج کی تعیناتی کا حکم

سیاسی جماعتوں اور ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخاب کے دن حلقے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لیے فوج کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔

سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ ریٹرننگ افسر نے بھی الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخاب کے دن حلقے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کا مطالبہ تسلیم کرکے این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے دوران فوج تعینات کرنے کا حکم دے دیا جبکہ وزارت دفاع کو ضمنی انتخاب کے موقع پر فوج بھیجنے کے لیے خط بھی لکھ دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ای سی پی کا این اے-120 میں سرکاری مشینری کے مبینہ استعمال کا نوٹس

ضمنی انتخاب کے موقع پر فوجی جوان پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔

یاد رہے کہ لاہور میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 120 سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا جس کے لیے ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔

این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے بیگم کلثوم نواز، پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے فیصل میر امیدوار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیا

اس حلقے سے لیگی امیدوار کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی یاسمین راشد کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔