پاکستان

نادرا کے پاس این اے120 کے 2 لاکھ سےزائدووٹرزکاریکارڈ نہیں:ای سی پی

این اے120 کے 100 پولنگ بوتھ میں تجرباتی طور پر بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کا فیصلہ ہوا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری ای سی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انکشاف کیا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے پاس 17 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-120 میں 29 ہزار 607 ووٹرز کا بائیومیٹرک ریکارڈ موجود نہیں۔

ای سی پی کے ایڈیشنل سیکریٹری فدا محمد خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ضمنی انتخاب کے حلقے کے 39 پولنگ اسٹیشنوں کے 100 پولنگ بوتھ میں آزمائشی طور پر بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن ووٹرز کے فنگر پرنٹس نادرا کے پاس نہیں ہیں وہ اس عمل میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ بائیومیٹرک مشینیوں کے تجربے سے قبل امیدواروں سے اجازت لی جائے گی اور تمام امیدواروں سے معاہدے پر دستخط کروائے جائیں گے جبکہ پولنگ افسر ووٹرز کو تجربے سے متعلق آگاہ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل سےمتعلق موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کرا دی ہے۔

ای سی پی کے ایڈیشنل سیکریٹری کا کہنا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ووٹرز کی کل تعداد 3لاکھ 21 ہزار 786 ہے اور ان میں سے 2 لاکھ 91 ہزار880 ووٹرز کا مکمل ڈیٹا نادرا کے پاس موجود ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ 29 ہزار 609 ووٹرز کا ایک بھی فنگر پرنٹ موجود نہیں ہے جبکہ نادرا کے پاس 249افراد کے صرف دو انگلیوں اور 42 ووٹرز کے صرف تین انگلیوں کے نشان موجود ہیں۔

فدامحمد خان نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں ایک کروڑ ووٹرز کابائیو میٹرک ریکارڈ نہ ہونے کا اندیشہ ہے اور ملک کے ہر پولنگ اسٹیشن پر بجلی کی سہولت بڑا چیلنج ہو گی۔

ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر پہلے روایتی طریقے سے کارروائی مکمل ہو گی جس کے بعد بائیو میٹرک کا عمل شروع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 120 کی سیٹ خالی ہوگئی تھی جہاں ضمنی انتخاب کے لیے پاکستان مسلم لیگ نواز کی بیگم کلثوم نواز، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ڈاکٹریاسمین راشد اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے فیصل میرنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔