مالی تفصیلات جمع نہ کرنے والی جماعتوں کو انتخاب سے روک دیا گیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وقت پر مالی ریکارڈ جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو مستقبل میں انتخابات لڑنے سے روک دیا۔
ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 'جن سیاسی جماعتوں نے 29 اگست تک مالی ریکارڈ جمع کرنے کی آخری تاریخ تک اپنا مالی ریکارڈ جمع نہیں کرایا انھیں مستقبل میں کسی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی انھیں انتخابی نشان دیا جائے گا'۔
ای سی پی کے ترجمان ہارون شنواری نے رابطہ کرنے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی اس وقت تک بڑھا دی جائے گی جب تک وہ جماعت اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کراتیں۔
ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ 'اگر کوئی پارٹی مالی تفصیلات پہلے جمع کراتی ہے تو وہ انتخاب لرنے کی اہل ہوگی'۔
ای سی پی میں رجسٹرڈ 345 سیاسی جماعتوں میں سے صرف 31 جماعتوں نے مقررہ وقت پہلے اپنی مالی تفصیلات جمع کرادی ہیں۔
مالی اثاثہ جات جمع کرانے میں ناکام ہونے والی سیاسی جماعتوں میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان مسلم لیگ فنگشنل، پاکستان مسلم لیگ ضیا، پاکستان مسلم لیگ جونیجو اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی بھی شامل ہے۔
پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کی شق 14 کے مطابق وہ سیاسی جماعت جو آرٹیکل 13 کے تحت بینک اسٹیٹمنٹ جمع نہیں کراتی وہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات لڑنے کے لیے انتخابی نشان حاصل کرنے کی اہل نہیں ہوگی۔
قبل ازیں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ای سی پی کے ایک عہدیدار نے کہا تھا کہ کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہر مالی سال کے اختتام سے 60 روز کے اندر آڈٹ شدہ ان کے بینک اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی یاد دہانی کرائی تھی۔