Dawn News Television

شائع 03 ستمبر 2017 07:35pm

بینائی سے محرومی کا خطرہ بڑھانے والی عادت

یہ تو بیشتر افراد جانتے ہیں کہ سیگریٹ پینا پھیپھڑوں کے کینسر سمیت دیگر امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے جبکہ امراض قلب وغیرہ کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے مگر یہ عادت آپ کو بینائی سے ہمیشہ کے لیے محروم بھی کرسکتی ہے۔

یہ دعویٰ بھارت میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

آل انڈیا انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز کی تحقیق میں بتایا گیا کہ تمباکونوشی نہ صرف کینسر اور امراض قلب کا باعث بنتی ہے بلکہ اس کا لمبے عرصے تک استعمال اندھے پن کا شکار بھی کرسکتا ہے اور ایسا ہونے پر بینائی کی واپسی اکثر ناممکن ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں : تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگیز اثرات

تحقیق کے مطابق تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں اس عادت سے دور رہنے والے دیگر افراد کے مقابلے میں موتیا کے مرض کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ پانچ سے دس سال تک تمباکو نوشی بصری عصبہ یا آپٹک نرو پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے جو کہ بینائی سے محرومی کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ ایسے اندھے پن کے اکثر کیسز میں بینائی کی واپسی ناممکن ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تمباکو نوشی چھوڑنے کے 12مددگار طریقے

انہوں نے کہا کہ لوگ یہ تو جانتے ہیں کہ اس عادت کے نتجے میں امراض قلب اور کینسر کا خطرہ ہوتا ہے مگر بینائی سے محروم اور آنکھوں کے دیگر مسائل کے بارے میں نہیں جانتے۔

صرف بھارت میں ہی بینائی سے محرومی کے سالانہ کیسز میں پانچ فیصد تمباکو نوشی کے استعمال کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ذیابیطس کے شکار افراد کی بینائی پر اس عادت کے بدترین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور اس سے بچنے کا واحد ذریعہ اسے ترک کرنا ہے۔

Read Comments