عمران توہین عدالت کیس: الیکشن کمیشن کا فیصلہ 12 اکتوبر تک موخر
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث اپنا فیصلہ 12 اکتوبر تک موخر کردیا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انہوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے مذکورہ کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرسماعت کیس کی کیا پوزیشن ہے؟
جس پر پی ٹی آئی وکیل شاہد گوندل نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ ہائی کورٹ نے 11 اکتوبر تک معاملے کی سماعت ملتوی کی ہے۔
مزید پڑھیں: توہین عدالت: عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروا دیا
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ہمیں ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے مذکورہ کیس کی سماعت 12 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔
چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ 11 اکتوبر تک عدالت عالیہ کا فیصلہ نہ آنے کی صورت میں کمیشن اپنا حکم جاری کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت کیس: عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری
مذکورہ کیس کی پیر (27 ستمبر) کو ہونے والی گذشتہ سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنے خلاف زیرِسماعت توہین عدالت کیس میں جواب جمع کروایا تھا تاہم وہ کمیشن کی ہدایات کے باوجود ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
سماعت کے بعد کمیشن نے توہین عدالت کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے جواب کا 27 ستمبر کو جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔