Dawn News Television

شائع 12 اکتوبر 2017 09:26pm

آرمی چیف نے امریکا کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کردیا

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں امریکا کے سفیر اور دیگر حکام پر مشتمل امریکی وفد کو خطے کے امن اور پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرباجوہ نے کہا کہ 'پاکستان نے رکاوٹوں کے باوجود اپنا کام اچھی طرح نبھایا اور پاکستان کے مستقبل کے اور پاکستانی عوام کے لیے اپنی کو ششوں کو جاری رکھے گا'۔

امریکی وفد میں نائب وزیر خارجہ لیزا کرٹس، ایلس ویلز اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور عہدیدار شامل تھے جس نے جنوبی ایشیا کے حوالے امریکی حکمت عملی سے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان خطے کی سیکیورٹی اور خطے کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار پر بات چیت کی گئی۔

امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔

قبل ازیں امریکی وفد نے وزیرخارجہ اور سیکریٹری خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور صدر ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کی پالیسی کے بعد کی پیدا ہونے والی صورت حال پر گفت شنید کی اور مستقبل میں اہم امور پر اعلی سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وفد کو افغان سرحد سے پاکستان میں ہونے والی کارروائیوں پر پاکستان کی تشویش سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Read Comments