’تمہاری سُلُو‘ کا ’بن جا تو میری رانی‘ گانا جاری
ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن کی آنے والی فلم ’تمہاری سُلُو‘ کا ٹریلر تو 15 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا، جسے دیکھتے ہوئے شائقین سمیت بولی وڈ شخصیات نے بھی ’ڈرٹی گرل‘ ہیروئن کی تعریف کی تھی۔
تاہم اب ’تمہاری سُلُو‘ کا پہلا رومانٹک گانا ’بن جا تو میری رانی‘ تینوں محل دواں دانگا بھی جاری کردیا گیا۔
خیال رہے کہ ’بن جا تو میری رانی‘ گلوکاروموسیقار گرو رندھاوا کا 2 سال قبل ریلیز ہونے والا گانا ہے، جسے فلم میں نئے خیال اور کچھ بہتر موسیقی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’تمہاری سُلُو‘ کا ٹریلر جاری
’بن جا تو میری رانی‘ کی شاعری و موسیقی بھی گرو رندھاوا نے ہی ترتیب دی ہے، تاہم اسے فلم میں شامل کرنے کی وجہ سے اس کی موسیقی میں رجت ناگپال نے بھی گلوکار کی معاونت کی ہے۔
گانے میں ودیا بالن کو اپنے شوہر مناو کول کو پیار کرتے دکھایا گیا ہے۔
فلم کی کہانی ’سُلُو‘ کے گرد گھومتی ہے، جو پہلے تو عام گھریلو خاتون کے روپ میں ہوتی ہیں، تاہم بعد ازاں وہ ریڈیو جوکی (آر جے) بن جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں: ’تمہاری سُلُو‘ میں ودیا بالن کا ایک اور منفرد انداز
فلم میں ودیا بالن اور اس کے شوہر کے رومانس سمیت ان کے درمیان پیدا ہونے والی تلخیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔
’بن جا میری رانی‘ فلم کا جاری کیا گیا پہلا گانا ہے، فلم میں 1987 میں آنے والی بولی وڈ کی سپر ہٹ فلم ’مسٹر انڈیا‘ کا گانا ’ہوا ہوائی‘ بھی شامل کیا گیا ہے۔
فلم کو آئندہ ماہ 17 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔