Dawn News Television

شائع 02 نومبر 2017 08:23pm

قائداعظم کی بیٹی دینا واڈیا چل بسیں

قائداعظم محمد علی جناح کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا 98 سال کی عمر میں نیویارک میں چل بسیں۔

ذرائع نے دینا واڈیا کے انتقال کی تصدیق کی۔

دینا واڈیا کی پیدائش 14 اور 15 اگست 1919 کی درمیانی شب میں ہوئی تھی اور قائداعظم نے اپنی بیوی رتن بائی سے علیحدگی اور پھر انتقال کے بعد بیٹی کی پرورش کی۔

قائداعظم کو اپنی بیٹی سے بہت زیادہ محبت تھی مگر باپ بیٹی کا تعلق اس وقت متاثر ہوا جب دینا نے ایک پارسی شخص نیویلے واڈیا سے سترہ سال کی عمر میں شادی کرلی۔

دینا اور نیویلے ممبئی میں رہائش پذیر رہے اور جب اس جوڑے کی طلاق ہوئی تو ان کے دو بچے تھے، بعد ازاں وہ بیٹے کے ساتھ نیویارک منتقل ہوگئیں۔

دینا واڈیا 1948 میں پہلی بار اس وقت پاکستان آئیں جب ان کے والد محمد علی جناح کا انتقال ہوا تھا۔

وہ آخری بار 2004 میں اپنے بیٹے نسلی واڈیا اور پوتوں جہانگیر اور نیس کے ہمراہ پاکستان آئیں۔

اس دورے کے دوران اپنے والد کے مقبرے کا دورہ کرنے کے بعد انہوں نے وزیٹرز بک پر لکھا ' یہ بہت زبردست اور اداس کردینے والا لمحہ ہے، خدا پاکستان کے بارے میں جناح کے خواب کو پورا کرے'۔

Read Comments