Dawn News Television

شائع 08 نومبر 2017 08:51pm

رات گئے کچھ کھانے کی عادت امراض قلب کا باعث

اکثر افراد کو رات گئے کچھ کھانے کی طلب ہوتی ہے جس کو پورا کرنے میں لطف بھی محسوس ہوتا ہے، مگر یہ عادت طویل المعیاد بنیادوں پر جان لیوا امراض کا باعث بن سکتی ہے۔

یہ انتباہ میکسیکو میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

میکسیکو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کو بے وقت کچھ ہلکا پھلکا کھانے کی عادت جسم کی حیاتیاتی گھڑی کے افعال میں مداخلت کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں خون میں چربی کی سطح بڑھ جاتی ہے جو کہ دل کے مسائل کا باعث بنتی ہے۔

اس سے پہلے بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ رات گئے اس طرح کھانے کی عادت جلدی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔

اب اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی گھڑی صحت کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، جس کے افعال میں کبھی کبھار مداخلت تو نقصان دہ نہیں، تاہم اسے عادت بنالینا طویل المعیاد بنیادوں پر نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں : خون کی کمی دور کرنے والی غذائیں

اس تحقیق کے دوران چوہوں پر تجربات کیے گئے اور انہیں بے وقت یا سونے کے وقت کچھ کھلایا گیا تو خون میں چربی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔

محققین کا کہنا تھا کہ خون میں چربی کی سطح بڑھنا نہ صرف میٹابولزم ریٹ کو متاثر کرتا ہے بلکہ یہ امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جگر کے لیے نقصان دہ غذائیں

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ایکسپیرمینٹل فزیولوجی میں شائع ہوئے۔

Read Comments