Dawn News Television

شائع 09 نومبر 2017 02:51pm

’میں نے پدماوتی بہت ایمانداری، محنت اور ذمہ داری سے بنائی ہے‘

بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ جیسے جیسے اپنی ریلیز کے قریب آتی جارہی ہے، ویسے ویسے انتہا پسند ہندو جماعتوں نے فلم کے خلاف احتجاج میں اضافہ کردیا ہے۔

رواں سال یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’پدماوتی‘ چتور گڑھ کی رانی پدمنی کی کہانی ہے، تاہم فلم کی ٹیم پر کئی مرتبہ ایسا الزام عائد کیا گیا کہ ہدایت کار فلم میں رانی پدماوتی کے کردار کو غلط انداز میں پیش کریں گے۔

اور ایسا کرنے پر انتہا پسند ہندو جماعت شیو کرنی سینا نے سینما گھر جلانے کی دھمکی بھی دی۔

مزید پڑھیں: 'پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان رومانوی سین نہیں'

اس سے قبل بھی ایسی قیاس آرائیاں سامنے آئیں تھی کہ سنجے لیلا بھنسالی اپنی فلم میں رانی پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان نامناسب سین پیش کریں گے، یہ کردار دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ ادا کرتے نظر آئیں گے۔

تاہم بعدازاں فلم کی پروڈکشن کمپنی نے اپنے جاری کردہ بیان میں اعلان کیا کہ یہ جھوٹی افواہیں ہیں اور فلم میں ایسا کوئی نامناسب سین پیش نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ میں نامناسب سین دیکھانے پر سینما جلانے کی دھمکی

اور اب ایک مرتبہ پھر اس قسم کی خبروں نے سنجے لیلا بھنسالی کو کافی پریشان کردیا ہے، جس کے بعد انہوں نے اب اپنا ایک ویڈیو بیان بھی جاری کردیا۔

ویڈیو میں سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے رانی پدماوتی کی کہانی سے متاثر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ فلم رانی پدماوتی کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔ میں نے یہ فلم بےحد ایمانداری، ذمہ داری اور محنت سے بنائی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ کے باعث دپیکا اور رنویر کی ذہنی حالت متاثر

انہوں نے مزید کہا کہ ’چند جھوٹی افواہوں کی وجہ سے میری فلم تنازعات کا شکار بنی، میں نے پہلے بھی اس بات کی وضاحت کی، لکھ کر دیا، اور اب اس ویڈیو کے ذریعے دوبارہ بتانا چاہتا ہوں کہ فلم میں ایسا کوئی نامناسب سین نہیں جس سے کسی کو تکیلف پہنچے‘۔

سنجے لیلا کے مطابق انہوں نے یہ فلم راجپوتی ثقافت اور ان کی عزت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی ہے۔

فلم میں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے علاوہ شاہد کپور بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

Read Comments