Dawn News Television

شائع 30 نومبر 2017 08:57pm

قبل از وقت بالوں کی سفیدی جان لیوا مرض کی علامت

مردوں میں اگر جوانی میں ہی گنج پن اور بالوں کی سفیدی نمایاں ہوجائے تو ان میں امراض قلب کا خطرہ پانچ گنا تک بڑھ جاتا ہے۔

یہ انتباہ بھارت میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

یو این مہتا انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر چالیس سال کی عمر سے قبل گنج پن اور بالوں میں سفیدی نمایاں ہو تو ایسے افراد میں امراض قلب کا خطرہ پانچ گنا زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

مزید پڑھیں : بالوں کی سفیدی کو طویل عرصے تک روکنا چاہتے ہیں؟

تحقیق کے مطابق جوان افراد میں امراض قلب کی شرح بڑھ رہی ہے مگر ان کی علامات روایتی نہیں ہوتیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ قبل از وقت بال سفید ہونا اور بالوں کے درمیان گنج پن شریانوں کی عمر کا اظہار کرتی ہیں اور ان سے امراض قلب کا خطرہ ظاہر ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران دو ہزار سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 790 کی عمریں چالیس سال سے کم تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : بال سفید کیوں ہوتے ہیں؟

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو جوان افراد امراض قلب کا شکار تھے، ان میں قبل از وقت بالوں کی سفیدی کی شرح 50 فیصد جبکہ گنج پن کی شرح 49 فیصد تھی۔

محققین کا کہنا تھا کہ مردوں میں جلد گنج پن امراض قلب کا خطرہ 5.6 فیصد تک بڑھاتا ہے جبکہ بالوں میں سفیدی سے یہ خطرہ 5.3 گنا بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبل از وقت بالوں کی سفیدی اور گنج پن کو بھی امراض قلب کے لیے خطرے کے عناصر تصور کیا جانا چاہئے۔

Read Comments