نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں دھماکا، 4 افراد زخمی
امریکی شہر نیو یارک کے علاقے مین ہٹن میں پائپ بم کے دھماکے کے نتیجے میں مشتبہ شخص سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق نیو یارک کے محکمہ پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کی آواز ٹائمز اسکوائر اور پورٹ اتھارٹی بس ٹرمنل کے قریب سنائی دی۔
دھماکے کے باعث بس ٹرمنل کے نیچے سے گزرنے والی سَب وے لائنز میں سے چند میں تاخیر دیکھنے میں آئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کے مقام سے احتیاطاً مسافروں کو نکال لیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق دھماکے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا۔
مزید پڑھیں: امریکا: لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ، 58 افراد ہلاک
نیو یارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے دھماکے کو ’خودکش دھماکے کی کوشش‘ قرار دیتے ہوئے گرفتار کیے جانے والے 27 سالہ مشتبہ شخص کی عقائداللہ کے نام سے شناخت کی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے کہا کہ دھماکا صبح کے مصروف اوقات میں پائپ بم کے ذریعے کیا گیا، جس سے خوف و ہراس پھیلا۔
فائر فائٹرز کا کہنا تھا کہ مین ہٹن کے مرکزی علاقے کے سب وے اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے سے کم از کم 4 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا:ہم جنس پرستوں کے کلب میں فائرنگ، 50 ہلاک
وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ ہوکابی سینڈرز نے ٹویٹر پر کہا کہ دھماکے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بریف کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نومبر میں لوئر مین ہٹن میں ہالووین کی رات کو ٹرک کے ذریعے کیے جانے والے حملے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔