حیرت انگیز

جب ایک خاتون کو 313 کھرب روپے کا بل آگیا

امریکی ریاست پنسلوانیا کی رہائشی میری ہورومینسکی کو کرسمس سے قبل بجلی کے بل کو دیکھ کر اربوں واٹ کا جھٹکا لگا۔

بجلی کے بل میں چند سو یا ہزار روپے کا اضافہ ہی دل کی دھڑکن تیز یا روک دیتا ہے مگر اس وقت کیا ہو جب کسی کو 313 کھرب روپے کا بل آجائے؟

جی ہاں واقعی ایسا ہوا ہے اور جس کو یہ بل ملا اس کی آنکھوں لگتا تھا کہ چہرے سے باہر نکل گئی تھیں۔

امریکی ریاست پنسلوانیا کی رہائشی میری ہورومینسکی کو کرسمس سے قبل بجلی کے بل کو دیکھ کر اربوں واٹ کا جھٹکا لگا۔

اس خاتون کو 284 ارب ڈالرز کا بل آیا اور ان کے بقول ' میری آنکھوں سر سے باہر نکل آئی تھیں، آخر میں نے غلط کیا، کیا تھا؟ صرف کرسمس لائٹس سے گھر ہی تو سجایا تھا'۔

مگر وہ کرسمس لائٹس ان کو کافی بھاری پڑی جس نے بل کی رقم 284 ارب ڈالرز تک پہنچا دی، حالانکہ اتنا زیادہ بل پورے نیویارک کے باسیوں کا بھی شاید ہی آتا ہو۔

نیچے آپ اس خاتون کی فیس بک پوسٹ میں اس بل کی رقم دیکھ سکتے ہیں جس میں ہندسوں کی بھرمار ہے۔

تاہم بجلی کمپنی نے خاتون کے ساتھ 'رعایت' بھی کی ہے اور وہ یہ کہ مکمل رقم اگلے سال نومبر تک ادا کی جاسکتی ہے جبکہ دسمبر میں 28 ہزار ڈالرز کی قسط جمع کرانا ہوگی۔

مگر خاتون کا کہنا تھا 'اگر ہم اپنا سب کچھ بھی فروخت کردیں تو بھی سو سال میں ہم شاید ہی اس رقم کو ادا پائیں گے'۔

جب خاتون کے بیٹے نے بجلی کمپنی سے رجوع کیا تو اس نے کہا یہ غلطی ہوئی ہے، اصل رقم تو صرف 284.46 ڈالرز (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔

مگر کمپنی کو اب تک یہ علم نہیں ہوسکا کہ یہ غلطی کیسے ہوئی، بس خیال ہے کہ ہندسوں کے درمیان نقطوں نے یہ گڑبڑ کی۔

کمپنی نے تسلیم کیا کہ ہم نے تو کبھی اربوں ڈالر کا بل نہیں دیکھا، ہم صارف کو سراہتے ہیں جس نے ہم تک رسائی حاصل کرکے ہم سے ہونے والی غلطی سے آگاہ کیا۔