Dawn News Television

شائع 27 دسمبر 2017 02:01pm

’سال کی گولڈن ٹویٹ‘: انوشکا ویرات کی شادی کا اعلان

بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی شادی رواں ماہ ہوئی جس کا تذکرہ پورے دسمبر خبروں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خوب کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ایک بیان کے مطابق اداکار انوشکا شرما کا اپنی شادی کے اعلان کے لیے کی گئی ٹویٹ رواں سال کی سب سے زیادہ ری ٹویٹ ہونے والی پوسٹ قرار پائی ہے۔

مزید پڑھیں: انتظار ختم: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے شادی کرلی

اس ٹویٹ میں انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کے ساتھ اپنی شادی کی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔

ویسے تو اس ٹویٹ کو کیے ہوئے صرف چند ہفتے گزریں ہیں، اس کے باوجود اسے ’گولڈن ٹویٹ آف دی ایئر‘ کہا جارہا ہے۔

اپنی ٹویٹ میں انوشکا نے لکھا تھا کہ ’آج ہم نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ محبت کے ساتھ رہیں گے اور ہمیں یہ خبر سب کے ساتھ شیئر کرنے میں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ آج کے خوشںصیب دن ہم ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے‘۔

یہ بھی پڑھیں: انوشکا اور ویرات کی شادی کی تقریبات پر ایک نظر

خیال رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے اٹلی کے خوبصورت شہر ملان میں رواں ماہ شادی کی، جس کے بعد انہوں نے دہلی میں اپنی شادی کی ایک تقریب منعقد کی تھی۔

اس تقریب میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شرکت کی تھی۔

اس کے بعد دونوں نے اپنی شادی کی دوسری تقریب گزشتہ روز ممبئی میں منعقد کی، جس میں بولی وڈ اورکرکٹ کی دنیا کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: انوشکا اور ویرات کا دہلی میں شادی کا شاندار جشن

اس دوران انوشکا شرما نے ایک مرتبہ پھر ڈیزائنر سبیاسچی کا ڈیزائنر کردہ لہنگا زیب تن کیا، جبکہ نہایت خوبصورت ہیروں کا ہار ان کے گلے میں نظر آیا، جسے سبیاسچی نے ہی ڈیزائن کیا تھا۔

اس تقریب میں شاہ رخ خان، کترینہ کیف، امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے، پریانکا چوپڑا، ریکھا، مادھوری ڈکشٹ، کنگنا رناوٹ، کریتی سنن، سدھارتھ ملہوترا سمیت بہت سے نامور اداکار شریک ہوئے۔

جبکہ کرکٹ کی دنیا سے سچن ٹینڈلکر، مہندر سنگھ دھونی ظہیر خان اور بہت سے نامور کرکٹرز اس تقریب کا حصہ بنے۔

Read Comments