ودیا بالن سے متعلق بھارتی فلم ساز کا متنازع بیان
بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن ہمیشہ اپنے منفرد کرداروں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، گزشتہ برس کے آخر میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’تمہاری سلو‘ میں ان کی اداکاری کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
صرف تمہاری سلو ہی نہیں بلکہ ’دی ڈرٹی پکچر‘ میں بھی ان کے کردار کو سراہا گیا، جب کہ وہ جلد ہی ایک فلم میں بھارت کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندھرا گاندھی کا کردار کرتی نظر آئیں گی۔
حال ہی میں ودیابالن نے کہا تھا کہ اگرچہ انہیں کوئی اولاد نہیں، تاہم ان کی ہر فلم ان کے لیے ایک بچے کی مانند ہے۔
بیگم جان، عشقیہ، کہانی اور پرینیتی جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والی ودیا بالن کو اپنے فربہ جسم اور منفرد اسٹائل کی وجہ سے اگرچہ پہلے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم اب ان کے حوالے سے ایک بھارتی فلم ساز نے متنازع بیان دیا ہے۔
ملایم فلموں کے ڈائریکٹر کمال نے ایک ملایم فلم میں ودیا بالن کی جانب سے کام کرنے کے انکار کے ایک سال بعد کہا ہے کہ اچھا ہوا کہ اداکارہ نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ 60 سالہ کمال نے 2016 کے آخر میں ودیا بالن کو ملایم بائیوگرافی فلم ’آمی‘ میں کام کرنے کے لیے پیش کش کی تھی۔
یہ فلم ملایم شاعرہ و لکھاری کمالا سریا داس کی زندگی پر بنائی گئی ہے، جس میں ان کے اچھوتے موضوعات سمیت ان کی زندگی کو فوکس کیا ہے۔
کمالا سریا داس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ایسے موضوعات پر بھی خوب لکھا، جن پر زیادہ تر بھارتی لکھاری لکھنے سے ڈرتے ہیں۔
انہوں نےجنسیت و رومانس پر بہت ہی زیادہ لکھا، جس وجہ سے وہ نوجوانوں میں غیرمعمولی حد تک مشہور بھی ہیں۔
ڈائریکٹر کمال نے 2016 میں کمالا سریا داس کا کردار نبھانے کے لیے ودیا بالن کو پیش کش تھی، تاہم انہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ودیا بالن کے انکار کے بعد ڈائریکٹر نے فلم میں 40 سالہ ملایم اداکارہ منجو وارئیر کو کاسٹ کیا، جنہوں نے اس فلم میں بہتری اداکاری کی۔
اب ایک سال بعد جب اس فلم کو ریلیز کردیا گیا تب ڈائریکٹر کمال نے ودیا بالن کے حوالے سے متنازع بیان دیتے ہوئے ان کی اداکاری و جسمانی خدو خال کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دکن کیرونیکل کے مطابق کمال نے ملایم زبان کی ایک معروف ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے اس بات پر خدا کا شکر ادا کیا کہ ودیا بالن نے فلم میں شاعرہ کا کردار ادا کرنے سے انکار کیا۔
فلم ڈائریکٹر نے وضاحت کی کہ ودیا بالن بولڈ اداکارہ ہیں، اوراگر وہ فلم میں کمالا سریا داس کا کردارکرتیں تو فلم انتہائی بولڈ لگتی۔
ملایم ہدایت کارکا کہنا تھا کہ چوں کہ کمالا سریا داس نے خواتین کے بولڈ اور عریانیت کے موضوعات پر لکھا ہے، اور ان کا کردار ودیا بالن کرتیں تو معاملہ مزید الجھ جاتا۔
ڈائریکٹر کے ایسے بیان پر تاحال ودیا بالن کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا، تاہم وہ پہلے ہی کہ چکی ہیں کہ انہیں بھاری بھر کم ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔