Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2018 05:17pm

فلموں کی کمائی کو ہی سب کچھ سمجھنے پر تپسی پنو نالاں

بولی وڈ میں گزشتہ چند سال سے یہ رجحان دیکھا جا رہا ہے کہ کس اداکار کی کون سی فلم میں تیزی سے ریکارڈ پیسے بٹورتی ہے، اور پھر ان فلموں کی کمائی کے اعداد و شمار کو دیکھ ہی ان کی کامیابی و ناکامی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

اگرچہ فلمی ناقدین کہانی و اداکاری کے حوالے سے بھی فلموں کی کامیابی و ناکامی کا فیصلہ کرتے ہیں لیکن بولی وڈ کے زیادہ تر افراد فلم کی کمائی کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔

اسی رجحان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان اداکارہ تپسی پنو نے کہا ہے کہ یہ سچ ہے کہ بولی وڈ میں فلموں کی کمائی ہی سب کچھ ہے، اور یہ ایک کڑی حقیقت ہے کہ فلم کی کہانی چاہے جتنی بھی اچھی ہو، مگر وہ باکس آفس کی کمائی کے سامنے کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔

ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے تپسی پنو نے کہا کہ ’فلموں کی کمائی ہی سب کچھ ہے، اداکاری و کہانی سے فرق نہیں پڑتا‘بولی وڈ میں فیچر فلموں کے بجائے کمرشل فلموں کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے، اور اگر کسی اداکار کی فلم ریکارڈ کمائی نہیں کرتی تو اسے مزید فلمیں ملنا مشکل بن جاتا ہے۔

جڑواں 2 میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی تپسی پنو کا کہنا تھا کہ وہ حقائق سے نہیں بھاگ رہیں، انہیں پتہ ہے کہ اگر ان کی کوئی فلم زیادہ پیسے بٹورنے میں ناکام ہو گئی تو انہیں مزید فلمیں نہیں ملیں گی۔

30 سالہ تپسی پنو کے مطابق ان کے ایسے مداح بھی ہیں، جو جانتے ہیں کہ وہ کیا کام کرسکتی ہیں، اور انہیں کس طرح کے کردار کرنے چاہئیں، اور ایسے لوگ ان کی اداکاری کی تعریف بھی کرتے ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے کئی ایسے مداح بھی ہیں، جو ان کے ’جڑواں 2‘ میں کام کرنے سے خفا ہیں، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے کہ میں ایسی فلموں میں کام کروں۔

یہ بھی پڑھیں: تپسی پنو نے بتادیا کہ وہ کس سے شادی کریں گی؟

اداکارہ کا ماننا تھا کہ وہ یادگار اور بہترین کردار ادا کرکے خود کو منوانا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ تپسی پنو ان دنوں آنے والی فلم ’سورما‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، یہ فلم بھارتی ہاکی کھلاڑی سندیپ سنگھ کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے۔

اس فلم میں تپسی پنو کے ساتھ دلجیت دوسانجھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تپسی پنو کی فلم ’جڑواں 2‘ نے ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے ابتدائی 5 ہفتوں میں 100 کروڑ روپے کمالیے تھے، اس فلم میں ان کے ساتھ ورون دھون اور جیکولین فرنانڈس نے کام کیا۔

Read Comments