Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2018 01:20pm

صبا قمر ایوارڈ جیتنے میں ناکام، ان کی فلم بہترین قرار

بولی وڈ کے اہم ترین فلمی ایوارڈ میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر بہترین اداکاری کا ایوارڈ جیتنے میں ناکام ہوگئی، تاہم ان کی فلم نے بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔

63 ویں فلم فیئر ایوارڈ میں صبا قمر کو بہترین مرکزی اداکارہ کی فہرست میں پہلی بار نامزد کیا گیا تھا، انہیں ان کی بولی وڈ ڈیبیو ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر نامزد کیا گیا تھا۔

تاہم صبا قمر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہیں، بہترین مرکزی اداکارہ کا ایوارڈ بولی وڈ ڈرٹی گرل ودیا بالن لے اڑیں۔

ودیا بالن کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ان کی فلم ’تمہاری سلو‘ پر دیا گیا۔

حیران کن طور پر 63 ویں فلم فیئر ایوارڈ میں صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ نے جہاں بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کیا، وہیں ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے والے عرفان خان بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ لے اڑے۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمرکا ودیابالن، سری دیوی اور عالیہ بھٹ سے مقابلہ

کرٹکس بیسٹ فلم کا ایوارڈ ’نیوٹن‘ لے اڑی، جب کہ بہترین کرٹکس اداکار کا ایوارڈ بھی ’نیوٹن‘ ہیرو راج کمار راؤ جیتنے میں کامیاب گئے، تاہم انہیں یہ ایوارڈ ان کی فلم ’ٹریپڈ‘ پر دیا گیا۔

راج کمار راؤ نے ’بیریلی کی برفی‘ میں اداکاری دکھانے پر بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ بھی حاصل کیا، یوں وہ واحد اداکار ٹھہرے جو 2 ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب گئے۔

جہاں ودیا بالن نے بہترین مرکزی اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا، وہیں زائرہ وسیم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر بیسٹ کرٹکس اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ بھی صبا قمر کا دیوانہ ہوگیا

مجموعی طور پر صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ نے 2 ایوارڈ حاصل کیے، جب کہ سیکریٹ سپر اسٹار بھی 2 ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

بہترین ہدایت کارہ کا ایوارڈ ایشونی آئری تیواری لے اڑیں، انہیں بیریلی کی برفی کی ڈائریکشن پر یہ ایوارڈ ملا۔

یوں بیریلی کی برفی بھی 2 ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب گئی، جب کہ کترینہ کیف اور رنبیر کپور کی ناکام فلم ’جگا جاسوس‘ بھی بہترین میوزک اور بہترین شاعری کے 2 ایوارڈ لینے میں کامیاب گئی۔

Read Comments