Dawn News Television

شائع 24 جنوری 2018 05:53pm

انڈر ٹیکر نے ریٹائرمنٹ پر خاموشی توڑ دی

ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر نے لگ بھگ دس ماہ بعد ریسلنگ کیرئیر کے بارے میں خاموشی تو توڑ دی مگر ریٹائرمنٹ یا مزید میچز کے حوالے سے تاحال لوگوں کو الجھن میں ڈال دیا۔

ریسل مینیا 33 میں رومن رینز کے ہاتھوں شکست بعد انڈر ٹیکر ڈبلیو ڈبلیو ای کے شو را کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے خصوصی شو میں شریک ہوئے (ویڈیو نیچے دیکھ سکتے ہیں)۔

نیویارک میں ہونے والے شو میں انڈرٹیکر جسمانی لحاظ سے ریسل مینیا 33 کے مقابلے میں زیادہ بہتر نظر آئے۔

خیال رہے کہ رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد بظاہر ایسا تاثر سامنے آیا تھا کہ انڈر ٹیکر نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے، جس کی وجہ ان کی جانب اپنے کوٹ اور ہیٹ کو رنگ میں چھوڑ جانا ہے۔

مزید پڑھیں : انڈر ٹیکر اب بھی کروڑوں روپے کمانے میں مصروف

ڈیڈمین کے نام سے مشہور ریسلر نے اس موقع پر ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

انہوں نے کہا ' پچیس سال قبل شیطان کے میدان میں تباہی کا آغاز ہوا، پچیس سال تک میں گڑھے کھودتا رہا اور جس شخص نے تاریک دنیا میں قدم رکھنے کی ہمت کی، انہیں دفن کرتا رہا'۔

ان کے بقول ' پچیس سال تک میں لیجنڈر کو سرد تاریک زمین میں پھینکتا رہا، اسٹون کولڈ، مک فولی، میرا اپنا خون کین سب کو جواب دیتا رہا، انہوں نے کوشش کی اور سب ناکام رہے، اب اس مقدس میدان میں ان سب کے سامنے واضح کرتا ہوں جو ناکام رہے، یہ وقت ہے کہ ان سب کو ابدی سکون نصیب ہو'۔

اب کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس خطاب میں انڈرٹیکر نے اپنی ریٹائرمنٹ کی جانب اشارہ کیا ہے جبکہ کچھ کے خیال میں انہوں نے ایک بار پھر میچ کا عندیہ دیا ہے جو ممکنہ طور پر جان سینا سے ریسل مینیا 34 میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر ٹیکر آخری مقابلہ کس ریسلر سے چاہتے تھے؟

اس میچ کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں ہونے کا امکان ہے جس کی افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں۔

ویسے ہپ ریپلیسمنٹ سرجری کے بعد انڈر ٹیکر بہت زیادہ بہتر نظر آئے اور اس سے بھی ان کے ایک اور میچ میں شرکت کے امکانات میں تقویت آئی ہے۔

Read Comments