رنویر سنگھ کو 15 منٹ کی پرفامنس پر 5 کروڑ کی پیش کش
بولی وڈ کی متنازع ترین فلم ’پدماوت‘ میں منفی کردار ادا کرنے والے اداکار رنویر سنگھ کو صرف 15 منٹ کی پرفامنس کے لیے 5 کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی ہے۔
رنویر سنگھ کو 15 منٹ تک ڈانس پرفارمنس کرنی ہوگی، جس کے بدلے انہیں ہر ایک منٹ کے عوض 33 لاکھ بھارتی روپے ملیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ رنویر سنگھ کو لوگوں کے حجوم کے سامنے ڈانس کرنے کے عوض اتنے زیادہ معاوضے کی پیش کش کی گئی ہے۔
دکن کیرونیکل نے اپنی خبر میں ایک اور بھارتی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’پدماوت‘ میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھانے والے اداکار کو ’انڈین پریمیئر لیگ‘ (آئی پی ایل) کے آنے والے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں پرفارمنس کرنے کی پیش کش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ، علاؤ الدین خلجی بننے پرخوش
اگرچہ آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور کترینہ کیف جیسی خوبرو اور سپر اسٹار ڈانسر اداکارائیں بھی پرفارمنس کرتی ہیں، تاہم اس بار سب سے زیادہ معاوضے کی پیش کش رنویر سنگھ کو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی پی ایل کی انتظامیہ چاہتی ہے کہ رنویر سنگھ افتتاحی تقریب میں 15 منٹ تک طویل پرفارمنس کرکے شائقین کو محظوظ کریں، جس کے بدلے انہیں بھاری معاوضے کی پیش کش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رنویر سنگھ کو یہ پیش کش ’پدماوت‘ میں علاؤالدین خلجی جیسے مضبوط اور بہادر کردار ادا کرنے کے بعد کی گئی۔
آئی پی ایل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اداکار نے ایونٹ میں پرفارمنس کی حامی بھرلی ہے، جس کے لیے انہوں نے تیاریاں بھی شروع کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: پدماوت میں رنویر سنگھ کا معاوضہ کیا تھا؟
اطلاعات کے مطابق رنویر سنگھ اس وقت اپنی فلموں ’سمبھا‘ اور ’گلی بوائے‘ کی شوٹنگ سمیت آئی پی ایل میں ڈانس دکھانے کی مشق بھی کر رہے ہیں۔
اگر رنویر سنگھ نے آئی پی ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں پرفارمنس دکھائی تو وہ 15 منٹ میں اتنے کمائی کرلیں گے، جو ان کی فلم ’پدمات‘ کا نصف ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق ’پدماوت‘ میں علاؤ الدین خلجی کا کردار نبھانے پر انہیں 10 کروڑ روپے ملے تھے، جب کہ فلم کی شوٹنگ 2 سال تک جاری رہی تھی۔
آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں صرف 15 منٹ تک ڈانس کرنے پر انہیں 5 کروڑ روپے ملیں گے۔
خیال رہے کہ آئی پی ایل کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز آئندہ ماہ 7 اپریل سے ہوگا۔