Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2018 01:04pm

خراب فیلڈنگ کے حامل کھلاڑیوں پر قومی ٹیم کے دروازے بند

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے خراب فٹنس اور فیلڈنگ کے حامل کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم کے دروازے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کھلاڑی اچھی فیلڈنگ نہیں کر سکتا، وہ پاکستان کے لیے نہیں کھیل سکتا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ قومی ٹیم میں انتخاب سے قبل وہ کھلاڑی کی تمام شعبوں خصوصاً فیلڈنگ میں جائزہ لیتے ہیں۔ ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ان 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جو کھیل کے تمام شعبوں میں اچھے ہیں۔

انہوں نے کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ قومی ٹیم میں توانائی لا سکیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے ملک میں ایک بھی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا اور ہوم گراؤنڈ پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے شائقین کے سامنے کھیلنا ان کے لیے قابل فخر لمحہ ہو گا۔

نامور ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کی ٹی20 سیریز سے ممکنہ غیرحاضری اور پاکستان نہ آنے کے حوالے سے سوال پر آرتھر نے کہاکہ میں اس کی وجوہات نہیں جانتا لیکن پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم متوازن ہے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں چند بہت اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے کامیاب ترین باؤلرز میں سے ایک وہاب ریاض اور محمد سمیع کو ٹی20 سیریز کے لیے منتخب نہ کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کوچ نے کہا کہ ہم نے سیریز کے لیے نوجوان ٹیم منتخب کی ہے۔

انہوں نے راحت علی کے انتخاب کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ راحت علی کو منتخب کرنے کی بڑی وجہ ہے اور وہ آنے والے مہینوں میں ٹیسٹ کرکٹ سمیت مزید کرکٹ بھی کھیلیں گے۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں واضح کیا کہ اگر محمد حفیظ باؤلنگ کرتے ہیں تو وہ ٹیم کے لیے ایک اچھا آپشن ہوں گے لیکن اگر وہ باؤلنگ نہیں کر پاتے تو ٹیم کے لیے مسائل کا سبب بنیں گے۔

انہوں نے اپنے اس بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے اور سلیکٹرز ایسے کھلاڑیوں پر نظر رکھتے ہوئے ہیں جو کھیل کے تمام شعبوں میں اچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامران اکمل اچھے بلے باز ہیں اور پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں انہوں نے بہت رنز بھی اسکور کیے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ فیلڈنگ اچھی نہیں کرتے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان سپر لیگ سے ہمیں بہت سے اچھے باؤلرز ملے لیکن ہمیں اب تک کوئی بھی اچھا نوجوان بیٹسمین نہیں مل سکا۔

Read Comments