Dawn News Television

شائع 02 اپريل 2018 07:20pm

گرمیوں میں جسمانی بو سے بچنے میں مددگار ٹوٹکے

اگرچہ پسینہ آنا ایک قدرتی عمل ہے جو جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے تاہم اکثر افراد میں یہ جسمانی بو کا باعث بنتا ہے۔

موسم گرما کا آغاز ہوچکا ہے اور اب ہر گزرتے دن کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافے کا ہی امکان ہے۔

ویسے یہ جان لیں کہ پسینہ بے بو ہوتا ہے درحقیقت سطح پر موجود بیکٹریا کا رابطہ پسینے سے ہوتا ہے تو جسمانی بو پیدا ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں : پسینے کی ناگوار بو سے نجات کا آسان نسخہ

اس موسم میں اگر آپ کو بھی بہت زیادہ پسینہ آتا ہے یا بو کے مسئلے کا سامنا ہے تو اس سے نجات بہت آسان ہے۔

جس کے آسان طریقے یہاں بتائے جارہے ہیں۔

کلون سے مدد لیں

کلون بنیادی طور پر پانی پر مشتمل ہوتا ہے یا معمولی مقدار میں الکحل اس میں شامل ہوتا ہے، تو اس کا چھڑکاﺅ زیادہ پسینہ آنے پر بھی جسمانی بدبو کو دبا کر رکھتا ہے۔

عرق گلاب

عرق گلاب کو نہانے کے پانی میں شامل کرنا پسینے سے پیدا ہونے والی بو کو دور کرتا ہے۔ یہ قدرتی طور پر ٹھنڈک پہنچانے میں مددگار اور فطرت کا پرفیوم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جسمانی بو کو ناگوار بنانے والی غذائیں

نہانے کے پانی میں کلون

نہانے کے پانی میں کلون کا اضافہ کرنا بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے، یا نہانے کے آخری ڈونگے میں اس کی کچھ مقدار کا اضافہ کریں جو کہ ٹھنڈک بھی پہنچاتا ہے۔

بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈا بھی جسمانی بو کی روک تھام میں مدد دیتا ہے، بیکنگ سوڈا اور پانی کا پیسٹ بنائیں اور اسے مختلف حصوں جیسے بغلوں، پیروں اور ہاتھوں پر لگانا بو پیدا کرنے والے بیکٹریا کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔

آلو

آلو کے ٹکڑوں کو بھی ان جسمانی حصوں پر رگڑنا فائدہ مند ہے جہاں بو جلد پیدا ہو جاتی ہے۔

پھٹکری

ایک چائے کے چمچ پھٹکری کا نہانے کے پانی میں اضافہ بھی اس حوالے سے مدد دیتا ہے، اس میں پودینے کے چند پتوں کو پیس کر بھی شامل کریں۔

ٹی ٹری آئل

2 قطرے اس تیل کو 2 کھانے کے چمچ پانی یا عرق گلاب میں شامل کریں اور اسے روئی کی مدد سے بغلوں پر لگالیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

Read Comments