Dawn News Television

شائع 07 اپريل 2018 02:51pm

وراثت میں حصہ طلب کرنے پر بھائیوں نے بہن کی ٹانگیں کاٹ دیں

صوبہ پنجاب کے علاقے خانیوال میں وراثت کی جائیداد میں حصہ مانگنے پر بھائیوں نے بہن کی ٹانگیں کاٹ دیں۔

خانیوال کے نواحی علاقے مخدوم کے چک نمبر 1 اے ایچ کی رہائشی اختری بیگم نے اپنے بھائیوں شبیر اور یاسین سے وراثت میں حصہ مانگا تھا، جسے دینے سے بھائیوں نے انکار کیا۔

مزید پڑھیں: ڈی آئی خان: لڑکی پر تشدد کے ملزم کی جائیداد قرقی کا عمل شروع

بعد ازاں اختری بیگم نے وراثت میں حصہ لینے کے لیے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا تو دونوں بھائیوں نے اختری بیگم کو اس وقت کلہاڑوں کے وار کرکے ان کی ٹانگیں کاٹ دیں جب وہ کھیتوں میں گندم کی فصل کاٹ رہی تھی۔

ملزمان واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے اور بہن اختری بیگم کو بے یارو مددگار کھتیوں میں چھوڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: زر، زمین اور زن

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کیا جہاں اختری بیگم کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ انہیں ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس تھانہ مخدوم پور نے خاتون کی ٹانگیں کاٹنے پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں اور چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا تاہم اب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوسکے۔

Read Comments