Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2018 01:08am

فٹنس ٹیسٹ میں فواد عالم نوجوانوں پر بازی لے گئے

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے کے باوجود سلیکٹرز کی ستم ظریقی کا شکار فواد عالم نے ایک مرتبہ پھر حکام بالا کو آئینہ دکھاتے ہوئے 32 سال کی عمر میں یویو ٹیسٹ میں 19 کا متاثر کن اسکور حاصل کر کے سب کو حیران کردیا۔

آئندہ ماہ قومی ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں متعدد کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے۔

ڈومیسٹک کرکٹ خصوصاً قائد اعظم ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کا قومی ٹیم سے مستقل اخراج کسی معمے سے کم نہیں اور انہوں نے آخری مرتبہ 2015 میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

دورہ انگلینڈ کے لیے جن کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کیا گیا ان میں فواد عالم کا نام بھی شامل ہے اور پیر کو لیے گئے فٹنس ٹیسٹ میچ میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 نمبر لے کر سلیکٹرز کے لیے وہ تمام عذر ختم کر دیے ہیں جو ان کے ٹیم سے اخراج کا سبب بن سکتے ہیں۔

فواد عالم نے اپنی عمدہ کارکردگی سے اپنے سے کم عمر نوجوانوں حسن علی، بابر اعظم اور فخر زمان کے سر بھی شرم سے جھکا دیے جو 18پوائنٹس حاصل کر سکے۔

ان کے مقابلے میں کپتان سرفراز احمد نے 17.4 اسکور کیا جبکہ 25سالہ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 21 اسکور کے ساتھ سرفہرست رہے اور اسد شفیق کا 20 اسکور کے ساتھ دوسرا نمبر رہا۔

فواد عالم نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن کے 10 فرسٹ کلاس میچوں میں 40.71 کی اوسط سے 570 رنز اسکور کیے تھے۔

Read Comments