لائف اسٹائل

سری دیوی کو مرنے کے بعد پہلا نیشنل ایوارڈ دینے کا اعلان

بھارت کے اعلیٰ ترین فلمی ایوارڈزکی تقریب آئندہ ماہ 3 مئی کو ہوگی، جس میں ونود کھنہ کو بھی مرنے کے بعد ایوارڈ ملے گا

بھارت کے معروف نیشنل اور دادا پھالکے ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت سری دیوی اور ونود کھنہ کو ان کے مرنے کے بعد ان کے پہلے اعزازات سے نوازا جائے گا۔

سری دیوی کو بعد از مرگ ان کا پہلا نیشنل جب کہ ونود کھنہ کو دادا پھالکے ایوارڈ ملے گا۔

ان دونوں اداکاروں نے کم سے کم 4 فلموں میں ایک ساتھ کام بھی کیا، جن میں سے ان کی 1986 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک فلم ’چاندنی‘ کامیاب گئیں۔

اس فلم کی کامیابی کے بعد ہی سری دیوی کو بولی وڈ کی چاندنی کہا جانے لگا۔

چاندنی کا کردار نبھانے کے بعد سری دیوی کو فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا گیا، تاہم وہ ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہیں۔

سری دیوی کی موت رواں برس 24 فروری کو 54 سال کی عمر میں دبئی کے ایک ہوٹل میں نہانے کے دوران ہوئی تھی، وہ اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ شوہر کے بھتیجے کی شادی میں گئیں تھیں۔

ونود کھنہ 70 سال کی عمر میں گزشتہ برس اپریل میں کینسر کے باعث چل بسے تھے، انہوں نے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔

—فوٹو: اسپاٹ بوائے ای ڈاٹ کام

خیال رہے کہ ’نیشنل اور دادا پھالکے‘ بھارت کے اعلیٰ ترین فلمی ایوارڈز ہیں، جو ڈائریکٹوریٹ آف فلمز فیسٹیول (ڈی ایف ایف) کی جانب سے بھارتی حکومت اور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف) کے تعاون سے ہر سال دیے جاتے ہیں۔

رواں برس ان ایوارڈز کی 65 ویں تقریب آئندہ ماہ 3 مئی کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوگی، جہاں بھارتی صدر رام ناتھ کووند جیتنے والوں کو ایوارڈ پیش کریں گے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ڈائریکٹر شیکھر کپور کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی نے مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈ جیتنے والے اداکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور فلموں کے ناموں کا اعلان کیا۔

نیشنل اور دادا پھالکے ایوارڈ جیتنے والے افراد کا فیصلہ 10 رکنی جیوری کرتی ہے، جس میں فلم لکھاری امتیاز حسین، شاعر محبوب، جنوبی انڈین اداکارہ گوتامی تدیمالا اور رومی جعفری سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ ایوارڈ جیتنے والے تمام افراد کو آئندہ ماہ 3 مئی کو ہونے والی تقریب میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق رواں برس 24 فروری کو دبئی کے ہوٹل میں پانی کے ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہونے والی اداکارہ کو گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’موم‘ میں بہترین اداکاری دکھانے پر ’بہترین اداکارہ‘ کا ایوارڈ دیے جانے کا اعلان کیا گیا۔

ساتھ ہی کمیٹی نے گزشتہ برس اپریل میں کینسر کے باعث چل بسنے والے اداکار ونود کھنہ کے لیے بھی ان کی فلمی خدمات کے پیش نظر انہیں دادا پھالکے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔

بہترین اداکار کا ایوارڈ بنگالی فلمز کے ہیرو ردھی سین کو ان کی بنگالی فلم ’نگر کرتن‘ پر دیا جائے گا۔

سات بہترین ریجنل فلمز کو بھی ایوارڈز دیے جائیں گے، جس میں بولی وڈ فلم ’نیوٹن‘ بھی شامل ہے، دیگر فلموں میں تیلگو، تامل، بنگالی اور کنڈہ سمیت دیگر زبانوں میں بننے والی فلمیں شامل ہیں۔

اسپیشن مینشن کا ایوارڈ فلم ’نیوٹن‘ کے پنکج ترپاتھی اور ’ٹیک آف‘ کے پراواتھی کو دیا جائے گا۔

بیسٹ کوریو گرافر کا ایوارڈ ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ کو دیا جائے گا، جب کہ مجموعی طور پر ’سری دیوی‘ کی فلم ’موم‘ کو 2 اور ’نیوٹن‘ کو بھی 2 ایوارڈز دیے جائیں گے۔

بیسٹ ایکشن ڈائریکشن کا ایوارڈ ’باہو بلی 2‘ کو دیائے گا، جب کہ بہترین افیکسٹس کا ایوارڈ بھی اسی فلم کو دیا جائے گا۔