دنیا

پوپ فرانسس کو تحفے میں ملنے والی کار ریکارڈ قیمت میں فروخت

پاپائے روم کو اٹلی کی کار ساز کمپنی نے قیمتی ’لامبور گینی‘ تحفے میں دی تھی، جسے اندازوں سے دگنی قیمت میں فروخت کردیا گیا

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم کو تحفے میں ملنے والی سفید رنگ کی قیمتی اسپورٹس ’لامبور گینی‘ کار کو ریکارڈ قیمت میں فروخت کردیا گیا۔

خیال رہے کہ پوپ فرانسس کو یہ ’لامبور گینی‘ گزشتہ برس اٹلی کی کار ساز کمپنی نے دی تھی، جو ’لامبور گینی‘ سمیت دیگر اقسام کی قیمتی اسپورٹس گاڑیاں تیار کرتی ہے۔

مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے انتہائی مہنگی اسپورٹس کار کو قریبا 6 ماہ اپنے پاس رکھنے کے بعد اسے فروخت کرکے اس سے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا۔

پوپ فرانسس کی خواہش پر ہی اس قیمتی اور دیدہ زیب ’لامبور گینی‘ کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ فرانسس نے مسلمان مہاجرین کے پاؤں دھوئے

فروخت سے قبل اس گاڑی پر پوپ فرانسس نے اپنے دستخط بھی کیے تھے، تاکہ اس گاڑی کو زیادہ سے زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا سکے۔

کار پر پاپائے روم نے دستخط بھی کیے تھے—فوٹو: اے پی

اٹلی کی اسپورٹس کار ساز کمپنی ’لامبور گینی‘ کے مطابق پوپ فرانس کو تحفے میں دی گئی قیمتی کار کو یورپی ملک مناکو میں ایک آکشن تقریب کے دوران فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

فروخت سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ ’لامبور گینی‘ کو زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ یورو میں فروخت کیا جاسکے گا، تاہم اسے اندازوں سے دگنی قیمت سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ’لامبور گینی‘ کو ایک نامعلوم شخص نے سب سے زیادہ بولی دے کر خرید لیا۔

اس کار کی نیلامی کے شروع ہوتے ہی اس کی پہلی بولی ڈیڑھ لاکھ یورو لگائی گئی، یوں آخر میں ایک نامعلوم شخص نے 7 لاکھ 15 ہزار یورو کی بولی دے کر اس کار کو خرید لیا۔

مزید پڑھیں: پوپ فرانسس کی سندھی اجرک میں تصویر کی اصل کہانی

اس کار کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو پوپ فرانسس کی ہدایت پر مختلف فلاحی کاموں میں خرچ کیا جائے گا۔

کار کو خریدنے والے کا نام راز میں رکھا گیا—فوٹو: اے پی

’لامبور گینی‘ کی فروخت سے حاصل ہونے والی تقریبا نصف قیمت کو عراق کے شہر موصل کے دوبارہ تعمیر پر خرچ جب کہ باقی رقم کو مختلف انسانی فلاحی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ فرانسس نے فلم سائن کر لی

واضح رہے کہ پوپ فرانسس کو تحفے میں دی گئی’لامبور گینی‘ کا ماڈل ’ہوراکان آر ڈبلیو ڈی کوپے تھا‘ جو اس قسم کی گاڑیوں کا سب سے بہترین ماڈل سمجھا جاتا ہے۔

’لامبور گینی‘ کمپنی نے اس گاڑی کو گزشتہ برس 27 نومبر کو ویٹی کن سٹی میں ہونے والی مذہبی تقریب کے دوران پوپ فرانسس کے حوالے کیا تھا۔

پوپ فرانسس نے اس گاڑی کو ایک مرتبہ بھی نہیں چلایا اور اسے 6 ماہ بعد فروخت کرکے اس سے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔

پوپ فرانسس ویٹی کن سٹی کی سرکاری گاڑی کو استعمال کرتے ہیں، علاوہ ازیں ان سے متعلق اطلاعات ہیں کہ ان کے پاس 34 سالہ پرانی 1984 کی ’رینالٹ آر فور‘ گاڑی بھی ہے۔