Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 مئ 2018 01:05pm

ارجن رامپال کی اہلیہ سے علیحدگی

بولی وڈ کے نامور اداکار ارجن رامپال نے اپنی 20 سالہ شادی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجن رامپال اور ان کی اہلیہ بھارتی ماڈل و پروڈیوسر مہر جیسیا نے اپنی 20 سالہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

ان دونوں نے ایک بیان کے ذریعے اعلان کیا کہ ’20 سال کا خوبصورت سفر جو پیار اور خوبصورت یادوں سے بھرا ہوا ہے کے بعد ہم سب کے ساتھ یہ شیئر کرنا چاہتے ہیں کہ ہر سفر کے مختلف راستے ہوتے ہیں اور ہمیں ایسا لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی الگ الگ منزلوں کی جانب رواں ہوں‘۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’ہم ہمیشہ سے ایک دوسرے کا ساتھ دیتے آئے ہیں اور آگے بھی ایسا کریں گے‘۔

انہوں نے اپنی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’ہم میڈیا میں اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے زیادہ بات نہیں کرتے اور اس ہی لیے یہ اعلان کرنا بھی کافی عجیب لگ رہا ہے، لیکن اگر سچائی نہ بتائی جائے تو لوگ اس کا کچھ اور مطلب بھی نکال سکتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ ارجن رامپال اور مہر جیسیا کی شادی 1998 میں ہوئی تھی، ان کی دو بیٹیاں 16 سالہ مہیکا اور 13 سالہ ماہرہ ہیں۔

Read Comments