لائف اسٹائل

ارباز خان کا آئی پی ایل میں سٹے بازی کا اعتراف

گزشتہ برس آئی پی ایل میں لگائے گئے سٹے میں 2 کروڑ 75 لاکھ روپے ہارے، اس سے قبل بھاری رقم جیتی تھی، اداکار کا اعتراف
ارباز خان 2 جون کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہوئے—فوٹو: نیوز 18

بولی وڈ اداکار و پروڈیوسر ارباز خان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کروڑوں روپے کا سٹہ لگایا۔

بولی وڈ کے سلطان سلمان خان کے چھوٹے بھائی اور کامیاب فلم سیریز ’دبنگ‘ کے پروڈیوسر ارباز خان نے ممبئی کے تھانے پولیس کے سامنے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 5 سال سے سٹے بازوں سے ملے ہوئے تھے اور انہوں نے متعدد بار بھاری رقم ہاری اور بعض مرتبہ رقم بھی جیتی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارباز خان کو تھانے پولیس نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 2 جون کو طلب کیا تھا۔

آئی پی ایل سٹے بازی میں ارباز خان کا نام اس وقت آیا جب پولیس نے سٹے بازی کرنے والے مرکزی ملزم سونو جالان کو کچھ دن قبل گرفتار کیا تھا۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سونو جالان نے انکشاف کیا کہ بولی وڈ کی متعدد شخصیات آئی پی ایل میں سٹے بازی میں ملوث ہیں، ان میں سے ارباز خان بھی ایک ہیں۔

سونو جالان کے انکشاف کے بعد تھانے پولیس نے ارباز خان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سمن جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل میں پھر میچ فکسنگ کی گونج

رپورٹ کے مطابق ارباز خان تھانے پولیس کے اینٹی اکزارشن سیل (اے ای سی) میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے پہنچے، اس دوران پولیس نے سونو جالان کو بھی سیل میں بلایا۔

پولیس نے بتایا کہ ارباز خان نے اپنے بیان میں آئی پی ایل کے دوران سٹے بازی کا اعتراف کرتے ہوئے اقرار کیا کہ وہ سونو جالان کو گزشتہ 5 سال سے جانتے ہیں۔

آئی پی ایل میں سٹے بازی کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر پردیپ شرما کے مطابق ابتدائی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ارباز خان نے سونو جالان کو سٹے بازے کے لیے 3 کروڑ روپے فراہم کیے۔

دوسری جانب نیوز 18 نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ارباز خان نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 6 سال سے آئی پی ایل میں سٹے بازی کر رہے تھے اور گزشتہ برس انہوں نے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے ہارے، لیکن اس سے قبل وہ بھاری رقم جیتتے رہے۔

ارباز خان کے مطابق وہ گھریلو مسائل کی وجہ سے پریشان تھے، جب کہ ان کی مالی حالات بھی بہتر نہ تھیں، تاہم ان کا کہنا تھا وہ سٹے بازی شوقیہ کرتے تھے۔

مزید پڑھیں: 'کرکٹرز مستقبل میں ایک آئی پی ایل میچ سے 1ملین ڈالر کمائیں گے'

اداکار و پروڈیوسر نے تسلیم کیا کہ انہیں ان کی اہلیہ اور والد سٹے بازی کرنے سے روکتے رہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اگر ارباز خان پر سٹے بازی کا جرم ثابت ہوگیا تو انہیں قید سمیت جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ آئی پی ایل میں سٹے بازی اور کرپشن کیسز سامنے آتے رہتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں آئی پی ایل میں سٹے بازی اور کرپشن میں بولی وڈ شخصیات کا نام آتا ہے، وہیں کچھ بولی وڈ اداکار آئی پی ایل کی ٹیموں کے مالک بھی ہیں۔

آئی پی ایل میں سب سے پہلے سٹے بازی اور کرپشن کا اسکینڈل چھٹے آئی پی ایل میں 2013 میں سامنے آیا تھا، جب کہ رواں برس 7 اپریل سے 27 مئی تک آئی پی ایل کا گیارہواں سیزن کھیلا گیا۔