لائف اسٹائل

شیف انتھونی بورڈین کی اچانک موت سے مداح غمگین

مقبول امریکی شیف اور ٹی وی میزبان 61 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کی موت خودکشی ہے۔

مقبول امریکی شیف (باورچی) اور ٹی وی میزبان انتھونی بورڈین 61 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کی موت خودکشی ہے۔

انتھونی بورڈین فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں موجود تھے، جہاں وہ سی این این کی سیریز ’پارٹس ان نون‘ (Parts Unknown) کی شوٹنگ مکمل کررہے تھے۔

انتھونی بورڈین کی موت کی خبر وائرل ہونے کے بعد ساتھی شیف، اسٹارز اور مداحوں نے ٹوئٹر پر اپنے افسوس کا اظہار کیا جبکہ بہت سے افراد نے ذہنی صحت کے بارے میں شعور کی اہمیت پر بھی بات کی۔

برطانوی صحافی ٹینا براؤن نے اپنی ٹویٹ میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’انتھونی بورڈین ایسے کلچر اور فن کو امریکا میں سامنے لائے جس سے لوگ انجان تھے‘۔

مقبول برطانوی باورچی گورڈن رامسے نے لکھا کہ ’انتھونی نے اپنے دنیا بھر میں اپنے کھانوں سے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا، میں اس نقصان پر کافی غم ذدہ ہوں‘۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے مصنف نے انتھونی بورڈین کی یادگار تصویر شیئر کرنے کے ساتھ اپنے غم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اپنا خیال رکھیں اور کسی سے مدد مانگنے سے خوف زدہ نہ ہوں۔