عالیہ بھٹ کی بہن کی متعدد مرتبہ خودکشی کی کوشش
بولی وڈ ہدایت کار مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ اس وقت بولی وڈ کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، تاہم کوئی نہیں جانتا کہ مہیش بھٹ کی دوسری بیٹی اور عالیہ بھٹ کی بہن شاہین بھٹ نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ ڈپریشن میں مبتلا ہوکر گزار دیا۔
اس بات کا انکشاف شاہین بھٹ نے ووگ انڈیا میں لکھے اپنے ایک مضمون میں کیا۔
شاہین نے بتایا کہ وہ 12 سال کی عمر سے ڈپریشن سے لڑتی رہیں، جبکہ وہ اپنی زندگی میں ایک سے زائد مرتبہ خودکشی کرنے کی کوشش بھی کرچکی ہیں۔
شاہین نے اپنے مضمون کا آغاز مقبول امریکی شیف انتھونی بورڈین کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرنے سے کیا اور لکھا کہ وہ بھی اپنے ماضی میں ڈپریشن میں مبتلا رہیں، اور وہ بھی اس طرح ہی اپنی زندگی ختم کرسکتی تھیں۔
مزید پڑھیں: شیف انتھونی بورڈین کی اچانک موت سے مداح غمگین
شاہین نے بتایا کہ وہ جب بھی کسی کی خودکشی کی خبر پڑھتی ہیں تو وہ دل برداشتہ ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں 12 سال کی عمر سے ڈپریشن میں مبتلا ہوں، میں ایک سے زائد مرتبہ خودکشی کرنے کی کوشش کرچکی ہوں، میں جانتی ہوں کہ ایسی حالت میں کیسا محسوس ہوتا ہے‘۔
شاہین کے اس مضمون کے سامنے آنے کے بعد ان کی بہن عالیہ بھٹ نے بھی اس مضمون کو شیئر کرتے ہوئے شاہین کے لیے اپنے سپورٹ کا اظہار کیا۔
عالیہ نے لکھا کہ ’شاہین تم بہترین ہو، میری بہن 12 سال کی عمر سے ڈپریشن سے لڑ رہی ہے، اس نے اپنے دل کی سنی اور بغیر سوچے سمجھے سب بتایا‘۔
Shaheen you are brilliant! My sister has battled and lived with depression since she was 12. She speaks her heart out and without any hesitation addresses the giant elephant in the room - Mental health and the LACK of our understanding & acceptance! https://t.co/ih0PmzujYl
— Alia Bhatt (@aliaa08) June 14, 2018
خیال رہے کہ بولی وڈ کی کئی اداکارائیں ڈپریشن جیسے سنگین موضوع پر بات کرتی آرہی ہیں۔
دپیکا پڈوکون نے بھی کئی سال قبل انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کے عروج پر ڈپریشن میں مبتلا تھیں، جس کے بعد اداکارہ نے ڈپریشن سے لڑنے والے افراد کے لیے لو لاو لاف نامی فاؤنڈیشن بھی بنائی۔