Dawn News Television

شائع 15 جولائ 2018 04:12pm

پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار سے تعلقات پر خاموشی توڑ دی

بولی وڈ پگی چوپس 35 سالہ پریانکا چوپڑا جو ان دنوں خود سے عمر میں 10 سال چھوٹے امریکی گلوکار 25 سالہ نک جونس سے تعلقات کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔

انہوں نے بالآخر اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنی محبت سے متعلق وضاحت کردی۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کے درمیان محبت کی چہ مگوئیاں گزشتہ برس اس وقت شروع ہوئیں جب دونوں پہلی بار کانز فلم فیسٹیول کے میٹ گالا میں ایک ساتھ پیش ہوئے۔

اس کے بعد جب پریانکا چوپڑا امریکی ڈرامے ‘کوانٹیکو’ اور اپنی پہلی ہولی وڈ فلم ‘بے واچ’ کے لیے امریکا پہنچیں تو دونوں کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوئے اور پھر دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

—فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس جون میں نک جونس پہلی بار بھارتی دورے پر پہنچے، جہاں اداکارہ نے انہیں اپنی والدہ اور بھائی سے ملاقات کروائی، ساتھ ہی پریانکا نے امریکی گلوکار کے ساتھ بھارت کے مختلف شہروں میں وقت بھی گزارا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکار سے محبت کرنے پر پریانکا کی والدہ بول پڑیں

اس سے قبل پریانکا چوپڑا مئی میں نک جونس کے کزن کی شادی میں شرکت کے لیے امریکا بھی گئی تھیں۔

گزشتہ ماہ جون میں پریانکا چوپڑا بھارتی دورے کے بعد نک جونس کے ساتھ امریکا گئیں، جہاں ان سے فیشن میگزین ‘پیپلز’ نے خصوصی بات کی، جس دوران اداکارہ نے امریکی گلوکار سے تعلقات کے بارے میں وضاحت کی۔

—فوٹو: پی سی انسٹاگرام

پیپلز میگزین کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ اداکارہ نے نک جونس سے اپنے تعلقات کو نیا قرار دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ تاحال وہ ایک دوسرے کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکارکے بھارتی دورے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں نک جونس دورے کے دوران خوب لطف اندوز ہوئے اور انہیں کافی تجربہ ہوا۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا اگلے ماہ منگنی کریں گی؟

پگی چوپس کے مطابق ان کا خیال ہے کہ ان دونوں کے تعلقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں اور یہ کہ امریکی گلوکار سے ان کے تعلقات نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔

اداکارہ نے امریکی گلوکار کے ساتھ گزارے گئے وقت کو بہت اچھا وقت بھی قرار دیا۔

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اس بات کی بھی وضاحت کی کہ ان کے یا ان کے اہل خانہ کے بیرون ملک سفر کو ان کی محبت سے نہ جوڑا جائے، ان کا ہر بیرون ملک کا دورہ صرف اسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ کاروباری مقاصد کے لیے بھی ہوتا ہے۔

پریانکا چوپڑا کے مطابق وہ تقریبا ہر 2 ہفتے بعد اپنے کاروبار اور کیریئر کی وجہ سے بیرون ملک کا دورہ کرتی ہیں۔

نک جونس گزشتہ ماہ جون میں بھارت آئے تھے—فوٹو: این ڈی ٹی وی

Read Comments