ریحام خان کی کتاب میں شاہ رخ خان کی تعریفیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ، صحافی و اینکر ریحام خان کی حال ہی میں آن لائن فروخت کے لیے پیش کی گئی کتاب پر لوگوں کے تبصرے جاری ہیں۔
جہاں ریحام خان کی کتاب پر پاکستان میں بھی تبصرے ہو رہے ہیں، وہیں بھارت میں بھی ان کی کتاب کے اقتباسات پر تجزیے جاری ہیں۔
ایک معروف بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ریحام خان نے اپنی کتاب میں جہاں اپنے سابق شوہر عمران خان کا خصوصی ذکر کیا ہے، وہیں انہوں نے دیگر مردوں سے متعلق بھی باتیں لکھی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ریحام خان کی 445 صفحات پر مبنی سوانح حیات میں بولی وڈ رومانس بادشاہ شاہ رخ خان کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریحام خان نہ اپنی کتاب میں شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں منکسر مزاج انسان قرار دیا۔
ریحام خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2008 میں لندن میں گزارے گئے لمحات اور ان کے ساتھ ایک اشتہار میں کام کرنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بولی وڈ اداکار ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ شخص ہیں۔
ریحام خان نے لکھا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک برطانوی ہیلتھ فرم ‘ڈونٹ ڈلے، کلیم ٹوڈے’ کے ایک اشتہار میں کام کیا۔