Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2018 07:47pm

نیہا دھوپیا ‘حمل’ کے 8 ویں ماہ تک کام کے لیے پر عزم

بولی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا اور ان کے شوہر انگت بیدی نے گزشتہ ماہ 25 اگست کو اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں جلد پہلے بچی کی پیدائش متوقع ہے۔

نیہا دھوپیا نے طویل عرصے تک چہ مگوئیوں کے بعد اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ امید سے ہیں۔

اس سے قبل رواں برس 10 مئی کو جیسے ہی انہوں نے انگت بیدی کے ساتھ اچانک شادی کی تھی تو یہ چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں کہ وہ حمل سے تھیں، جس وجہ سے انہوں نے اچانک شادی کی۔

تاہم بعد ازاں ان کے شوہر انگت بیدی نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

حمل کے اعلان کے بعد گزشتہ ماہ 26 اگست کو نیہا دھوپیا نے حمل کے ساتھ ہی معروف فیشن ویک ‘لیکمے’ میں شوہر انگت بیدی کے ساتھ کیٹ واک بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نیہا دھوپیا کی ‘حمل’ کے ساتھ فیشن شو میں کیٹ واک

’بے بی بمپ’ کے ساتھ لیکمے فیشن ویک میں کیٹ واک کرنے والی وہ پہلی اداکارہ تھیں۔

ایوشمن کھرانہ بھی اداکارہ کے شو میں شامل ہوں گے—فوٹو: نیہا دھوپیا انسٹاگرام

علاوہ ازیں اداکارہ حمل کے بعد مختلف منصوبوں کے لیے فوٹو شوٹ میں بھی مصروف ہیں اور انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر حمل کے ساتھ کھچوائی گئی متعدد تصاویر بھی شیئر کر رکھی ہیں۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ حمل کے ساتھ ہی اپنے معمولات کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئیں اور وہ آئندہ چند ماہ تک اس سلسلے جو جاری رکھیں گی۔

ممبئی مرر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیہا دھوپیا فیشن ویک میں کیٹ واک کے بعد اپنے چیٹ شو کی شوٹنگ کے لیے واپس آگئی ہیں اور انہوں نے ٹیم کو جوائن کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق نیہا دوھپا اپنے معروف چیٹ شو‘ نو فلٹر نیہا’ کے تیسرے سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئی ہیں۔

اداکارہ حمل کے ساتھ مختلف فیشن ڈیزائنر کی ملبوسات کی تشہیر میں بھی مصروف ہیں—فوٹو: نیہا دھوپیا انسٹاگرام

اس چیٹ شو کی شوٹنگ رواں برس اکتوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے اور تب تک نیہا دھوپیا حمل کے 8 ویں ماہ میں پہنچ چکی ہوں گی۔

مزید پڑھیں: نیہا دھوپیا امید سے ہیں

شو کے تیسرے سیزن میں مجموعی طور پر 12 قسطیں نشر کی جائیں گی، جن میں نیہا دھوپیا کے ساتھ کترینہ کیف، دپیکا پڈوکون، ایوشمن کھرانہ، وکی کوشل اور سلمان خان جیسے اداکار بھی بات کرتے نظر آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ تمام اداکار ‘نو فلٹر نیہا 3’ کی پہلی قسط میں شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ یہ چیٹ شو ویڈیو نہیں بلکہ آڈیو ہوتا ہے اور اسے مختلف ایپس اور انسٹاگرام کے ذریعے سنا جاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں نیہا دھوپیا کی کاجول کے ساتھ ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ بھی جلد ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، پہلے اس فلم کو رواں ماہ ستمبر میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم اب اس کی نمائش مؤخر کردی گئی ہے۔

26 اگست کو انہوں نے لیکمے فیشن ویک میں کیٹ واک بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام

Read Comments