Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2018 06:21pm

سیاہ فام لڑکی امریکا کی حسین ترین دوشیزہ منتخب

امریکا میں 25 سالہ سیاہ فام لڑکی نیا ایمانی فرینکلن نے دیگر ریاستوں کی 49 امیدواروں کو شکست دے کر ’مس امریکا’ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

نیا ایمانی فرینکلن اب مس یونیورس مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔

مس امریکا کا مقابلہ نیوجرسی میں منعقد کیا گیا تھا، جہاں تمام ریاستوں کی حسینائیں میدان میں اتریں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس’ (اے پی) نے بتایا کہ نیا ایمانی فرینکلن کی جیت سے ’مس امریکا’ کی 98 سالہ روایت بھی بدل گئی۔

نیا ایمانی فرینکلن وہ پہلی دوشیزہ ہیں، جنہوں نے اس مقابلے میں (swimsuit) انتہائی مختصر کپڑے پہنے بغیر یہ مقابلہ جیتا۔

نیا ایمانی کے مقابلے دیگر 49 ریاستوں کی حسینائیں تھیں—فوٹو: اے پی

اس سے قبل گزشتہ سال تک مس امریکا کے مقابلے میں انتہائی مختصر کپڑوں میں اسٹیج پر پرفارمنس کرنا لازم تھا، تاہم رواں برس اس روایت کو منسوخ کیا گیا تھا۔

گزشتہ 98 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ مس امریکا کے مقابلے میں امیدواروں نے انتہائی مختصر کپڑے نہیں پہنے۔

مقابلہ جیتنے کے بعد انٹرویو کے دوران نیا ایمانی فرینکلن نے کہا ’انہیں خوشی ہے کہ مس امریکا کا اعزاز جیتنے کے لیے انہیں بکنی پہننے کی ضرورت نہیں پڑی‘۔

اعزاز حاصل کرنے کے بعد نیا نے خوشی کا اظہار کیا—فوٹو: اے پی

خیال رہے کہ نیا ایمانی فرینکلن ایک گلوکارہ ہیں، جن کا مقصد اس مقابلے کے ذریعے دنیا بھر میں فن کی تشہیر کرنا ہے، انہوں نے 6 سال کی عمر میں پہلا گانا گایا، جو انہوں نے ہی خود ہی 5 سال کی عمر میں لکھا تھا۔

نیا ایمانی فرینکلن نے مس امریکا کے تاج کے ساتھ اس مقابلے میں 50 ہزار ڈالر یعنی 61 لاکھ 64 ہزار پاکستانی روپے بھی جیتے ہیں، ساتھ ہی انہیں دیگر مراعات بھی حاصل ہوں گی۔

مختصر کپڑوں کے بغیر مقابلے کو نیا نے خواتین کی خودمختاری قرار دیا—فوٹو: نیا ایمانی انسٹاگرام

Read Comments