Dawn News Television

شائع 20 ستمبر 2018 06:58pm

یہ عام دستیاب تیل گنج پن سے نجات دلانے کیلئے فائدہ مند؟

لاکھوں بلکہ کروڑوں مردوں کو گنج پن کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے مگر وہ ایک عام تیل کو آزما کر بالوں کو دوبارہ اگانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

Monasterium Laboratory کی تحقیق میں بتایا گیا کہ صندل کا تیل گنجے سر پر آزمانا بالوں کو دوبارہ واپس لانے میں فائدہ مند ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : صندل کے تیل کے جسم پر مرتب ہونے والے اثرات

لیبارٹری میں سر کے ٹشوز پر تجربات کے دوران دریافت کیا گیا کہ یہ تیل بالوں کی نشوونما کو محض 6 دن میں متحرک کرسکتا ہے۔

درحقیقت بالوں کی جڑیں صندل کی مہک پر ردعمل ظاہر کرکے بالوں میں موجود پروٹین کو کئی گنا بڑھا دیتی ہیں، جو کہ بالوں کے اگنے میں مدد دیتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اگرچہ انسان اور جانور بظاہر ناک سے ہی سونگھنے کے قابل ہوتے ہیں، مگر بال اور معدہ وغیرہ بھی مخصوص مہک سے کیمیکلز کو شناخت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صندل کے تیل کی بنیاد پر گنج پن کے موثر طریقہ علاج کو تشکیل دینے میں مدد مل سکے گی اور ان مردوں کو فائدہ ہوگا جو کہ جوانی میں ہی بالوں سے محروم ہونے لگتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اکثر مرد بہت جلد گنج پن کا شکار کیوں ہوجاتے ہیں؟

تحقیق کے دوران ٹیسٹوں میں انسانی سر کے ٹشوز پر صندل جیسی مہک رکھنے والی مصنوعی خوشبو کا استعمال کیا گیا جو کہ عام طور پر صندل کے تیل کی نمی بڑھانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اس تیل کے استعمال کے 6 دن بعد ہی پروٹین کی سطح بڑھنے لگی جو کہ بالوں کی نشوونما کے عمل کو متحرک کرسکتا ہے۔

محققین کے خیال میں یہ تیل ان جینز کو بلاک کرنے میں مدد دیتا ہے جو کہ مخصوص پروٹین کو 'مرنے' پر مجبور کردیتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے جرنل نیچر کمیونیکشن میں شائع ہوئے۔

Read Comments