لائف اسٹائل

دنیا کے مہنگے ترین جوتے کی قیمت دنگ کردے گی

دنیا کے واحد سیون اسٹار ہوٹل برج العرب میں بدھ کو دنیا کے سب سے مہنگے جوتے کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

دنیا کے مہنگے ترین جوتے جن کو خریدنے سے پہلے ارب پتی افراد بھی کئی بار سوچنے پر مجبور ہوجائیں، کو متحدہ عرب امارات میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

دبئی کو ویسے دنیا میں مختلف عجائب کی وجہ سے ہی جانا جاتا ہے، یعنی دنیا کی سب سے لمبی عمارت (برج الخلیفہ)، مصنوعی جزائر، دنیا کا سب سے بڑا شاپنگ مال اور بھی بہت کچھ، اب اس فہرست میں دنیا کے سب سے مہنگے جوتوں کا بھی اضافہ ہونے والا ہے۔

خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے واحد سیون اسٹار ہوٹل برج العرب میں بدھ کو دنیا کے سب سے مہنگے جوتے کو متعارف کرایا جارہا ہے جس کی قیمت 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز (2 ارب پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔

مزید پڑھیں : دنیا کے 6 سب سے مہنگے اسمارٹ فونز

پیشن ڈائمنڈ نامی ان جوتوں کو ہیروں اور خالص سونے سے تیار کیا گیا ہے۔

اس جوتے میں سیکڑوں ہیرے جڑے گئے ہیں جبکہ 2 ہیرے 15 قیراط کے ہیں، اس سے قبل مہنگے ترین جوتوں کا اعزاز ڈیبی ونگھم کی ہائی ہیل کو حاصل تھا جس کی قیمت ڈیڑھ کروڑ ڈالرز سے زیادہ تھی۔

جادا دبئی نے پیشن جیولرز کے اشتراک سے یہ مہنگا ترین جوتا 9 ماہ کی مدت میں تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کے مہنگے ترین دس تحفے

جادا دبئی کی جانب سے ہیروں، سونے، موتیوں اور دیگر قیمتی پتھروں کی مدد سے تیار ہونے والے مزید 3 جوتے بھی متعارف کرائے جائیں گے، مگر ان کی قیمت ہزاروں ڈالرز سے زیادہ نہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا کے مہنگے ترین جوتے کی قیمت فکس ہوگی اور اس کی صرف ایک جوڑی ہی تیار کی گئی ہے، جو دنیا میں صرف ایک خریدار کے پاس جائے گی۔