Dawn News Television

شائع 08 اکتوبر 2018 04:56pm

رجت کپور نے ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد معافی مانگ لی

ہولی وڈ کے بعد بولی وڈ میں شروع ہوئی می ٹو مہم کا سہارا لیتے ہوئے کئی خواتین نے سامنے آکر ان افراد پر الزام عائد کیا جنہوں نے کیریئر کے کسی موڑ پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

بولی وڈ میں اس مہم کا آغاز اداکارہ تنشری دتہ نے کیا، جنہوں نے اداکار نانا پاٹیکر پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور اب اداکار رجت کپور پر بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگ چکا ہے۔

اداکار رجت کپور کے خلاف اب تک تین خواتین نے سامنے آکر بیان دیا۔

مزید پڑھیں: نانا پاٹیکر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، تنوشری دتہ

گزشتہ ہفتے بھارتی صحافی سندھیا مینن نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے خواتین کو سامنے آکر اپنی می ٹو کہانیوں کو شیئر کرنے کا حوصلہ دیا اور مطالبہ کیا کہ وہ ان کو ہراساں کرنے والوں کا نام سامنے لائیں تاکہ ایسے لوگوں کو شرمندہ کیا جاسکے۔

جس کے بعد دو خواتین نے سامنے آکر اداکار رجت کپور پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا جبکہ ایسی گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے جس میں اداکار ان سے نامناسب بات چیت کرتے نظر آئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک صحافی نے شیئر کیا کہ ان سے فون پر بات کرنے کے دوران اداکار رجت کپور نے کہا کہ ’کیا آپ اتنی ہی دلکش (سیکسی) ہیں جتنی آپ ک آواز؟‘، جس کے بعد وہ پوری بات چیت کے دوران خاتون صحافی کو اپنی گفتگو سے پریشان کرتے رہے۔

جبکہ اسکرین شاٹس کو دیکھ کر مزید خواتین بھی اداکار کے خلاف آواز اٹھاتی نظر آئیں۔

تاہم بعدازاں اداکار رجت کپور نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے ان خواتین کو اپنی گفتگو اور انداز سے ہراساں کرنے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی۔

یاد رہے کہ تنشری دتہ کے نانا پاٹیکر پر لگائے الزام کے بعد کئی خواتین اس می ٹو مہم کا حصہ بنیں، تاہم رجت کپور وہ پہلے مرد ہیں جنہوں نے اپنے عمل پر شرمندہ ہوکر خواتین سے معافی مانگی ہے۔

Read Comments