جنسی ہراسانی سے بچنے کیلئے شادی کی، ہولی وڈ اداکارہ
ان دنوں اگرچہ ہولی وڈ اور بولی وڈ میں ’می ٹو‘ مہم کے تحت اداکارائیں اپنے ساتھ ہونے والے نازیبا رویوں پر بات کرتی نظر آتی ہیں۔
تاہم ہولی وڈ کی معروف اداکارہ نکولو کڈمین نے ‘می ٹو’مہم کے ذریعے اپنی منفرد کہانی بتا کر سب کو حیران کیا ہے۔
متعدد بلاک بسٹر فلموں،ڈراموں اور ڈاکیومینٹریز میں کام کرنے والی 51 سالہ آسٹریلین نژاد ہولی وڈ اداکارہ نکولو کڈمین نے اعتراف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے اس لیے شادی کی،کیوں کہ وہ جنسی طور پر ہراساں نہیں ہونا چاہتی تھیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی’ کے مطابق نکولو کڈمین نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں اور محض 21 سال کی عمر میں اداکار ٹام کروز سے اس لیے شادی کی، کیوں کہ نازیبا رویوں سے بچنا چاہتی تھیں۔
اداکارہ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے ٹام کروز سے اس لیے شادی کی، کیوں کہ وہ انڈسٹری میں ایک معروف اداکار کے ساتھ تعلقات قائم کرکے نام اور دولت کمانا چاہتی تھی۔