Dawn News Television

شائع 23 اکتوبر 2018 10:57am

رومن رینز کینسر کا شکار، ٹائٹل اور ریسلنگ چھوڑ گئے

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے سپر اسٹار رومن رینز اچانک اپنے ٹائٹل سے دستبردار ہوگئے اور عارضی طور پر کھیل کو بھی خیرباد کہہ دیا۔

ایک روز قبل ڈبلیو ڈبلیو ای را کے ایونٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپیئن رومن رینز نے انکشاف کیا کہ انہیں لیوکیمیا کا مرض لاحق ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیماری کینسر کی ایک قسم ہے جس کی وجہ سے خون اور بون میرو متاثر ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ریسل مینیا میں رومن رینز کی شکست کی 'اصل وجہ' سامنے آگئی

ہفتہ وار ایونٹ ڈبلیو ڈبلیو ای را کے دوران ریسلنگ رنگ میں تقریر کرتے ہوئے رومن رینز نے کہا کہ ’میں گزشتہ 4 سالوں سے اس ریسلنگ رنگ میں آرہا ہوں، بطور رومن رینز میں نے بہت کچھ کہا، لیکن وہ سب جھوٹ تھا‘۔

چیمپیئن ریسلر کا کہنا تھا کہ یہ سب اس لیے جھوٹ ہے کیونکہ ان کا اصل نام جو (جوزف انوئے) ہے اور وہ گزشتہ 11 برس سے لیوکیمیا کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ بیماری انہیں واپس آگئی ہے اس لیے وہ اب مزید ریسلنگ نہیں لڑ سکتے اور انہیں اپنا یونیورسل چیمپئن شپ کا ٹائٹل چھوڑنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: رومن رینز کا کیرئیر خطرے کی زد میں؟

رومن نے کہا کہ ان کا امریکن فٹبال کا کیریئر اختتام پذیر ہوگیا تھا، لیکن وہ اس رنگ میں آئے، ان کے مداحوں کی وجہ سے انہیں یہ مقام حاصل ہوا اور چیمپیئن بننے کا خواب پورا ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ یہ ان کی ریٹائرمنٹ کی تقریر ہے، کیونکہ جیسے ہی وہ اس بیماری سے آزاد ہو جائیں گے وہ واپس ریسلنگ میں آجائیں گے۔

اس دوران ریسلنگ ایرینا میں موجود تماشائیوں نے Thank You Roman کے نعرے لگائے، جس کے ساتھ ہی رومن رینز اپنا ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپیئن شپ کا ٹائٹل رنگ میں چھوڑ کر چلے گئے۔

Read Comments