Dawn News Television

شائع 11 نومبر 2018 05:37pm

گووندا کا فلم سینسر بورڈ پر اپنی فلموں کو روکنے کا الزام

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار گووندا نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت کا فلم سینسر بورڈ ان کی فلموں کو نہ صرف نمائش سے روک رہا ہے، بلکہ اگر سینسر بورڈ ان کی کسی فلم کو نمائش کی اجازت دے بھی رہا ہے تو وہ بھی محدود پیمانے پر دے رہا ہے۔

ماضی میں کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے 54 سالہ ہیرو کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی کامیڈی فلم ’فرائیڈے‘ کو اگرچہ ریلیز کی اجازت دی گئی، تاہم اسے محدود سینما گھروں میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اپنے آنے والی کامیڈی فلم ’رنگیلا راجا‘ کو بھارت کے فلم سینسر بورڈ ’سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن‘ (سی بی ایف سی) کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر اداکار نے نہ صرف بورڈ کے عہدیداروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

بلکہ انہوں نے دیگر فلم پروڈیوسرز اور فلموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سپورٹ نہ کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران گووندا نے سی بی ایف سی پر الزام عائد کیا کہ بورڈ ان کی فلموں کی نمائش میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

گووندا نے ساتھی اداکاروں اور پروڈیوسر کے ساتھ پریس کانفرنس کی—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

کامیڈین ڈانسر اداکار نے دعویٰ کیا کہ فلم انڈسٹری کے کچھ افراد ان کی فلموں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، جس وجہ سے ان کی فلموں کو درست وقت اور درست سینماؤں میں نمائش کی اجازت نہیں مل رہی۔

اداکار کے مطابق کچھ ہفتے قبل ہی ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’فرائیڈے‘ کو بھی سی بی ایف سی نے محدود سینما گھروں میں نمائش کی اجازت دی اور اب ان کی آنے والی فلم ’رنگیلا راجا‘ کو اجازت دینے سے انکار کردیا گیا۔

گووندا کے ساتھ فلم کے ساتھی اداکار شکتی کپور اور اداکارہ انوپما اگنی ہوتری بھی موجود تھی۔

پریس کانفرنس میں فلم کے پروڈیوسر اور سی بی ایف سی کے سابق چیئرمین پہلاج نہلانی بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے اداکار شکتی کپور نے بھی خطاب کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ‘رنگیلا راجا’ کے پروڈیوسر اور سی بی ایف سی کے سابق چیئرمین پہلاج نہلانی نے الزام عائد کیا کہ فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین نے ان کی فلم دیکھے بغیر اسے نمائش سے روکتے ہوئے انہیں حکم دیا ہے کہ فلم سے 20 مناظر نکالے جائیں۔

پہلاج نہلانی نے دعویٰ کیا کہ ان کی فلم میں ایک بھی نازیبا منظر نہیں اور نہ ہی ان کی فلم میں ہیرو اداکارہ کو کاندھے یا سینے پر بوسہ دیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

ان کے مطابق ان کی فلم فیملی انٹرٹینمنٹ فلم ہے، جس سے 20 مناظر کو نکالنا ناانصافی ہے۔

پہلاج نہلانی کے مطابق سی بی ایف سی کے چیئرمین نے ان کی فلم دیکھے بنا انہیں حکم دیا ہے کہ فلم سے 20 مناظر خارج کیے جائے، جب کہ فلم سینسر بورڈ نے انہیں یہ تک نہیں بتایا کہ جن مناظر کو نکالنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں کیا خرابی ہے۔

ساتھ ہی پہلاج نہلانی نے دعویٰ کیا کہ سی بی ایف سی کے چیئرمین نے عامر خان کی فلم ٹھگس آف ہندوستان کو دیکھے بغیر ہی اسے نمائش کی اجازت دی، جب کہ بورڈ کے چیئرمین دفتر میں بیٹھنے کے بجائے فلم پروڈیوسرز کو نجی ہوٹل میں بلاکر فلموں کی نمائش کے سرٹیفکیٹ دینے میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ سی بی ایف سی نے پہلاج نہلانی کو گووندا کی فلم ’رنگیلا راجا‘ سے 20 مناظر خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔

فلم پروڈیوسر نے سی بی ایف سی کے فیصلے کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

اس فلم کو رواں ماہ 16 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم تاحال اسے نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔

Read Comments