Dawn News Television

شائع 21 نومبر 2018 01:21am

بھارت کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

بھارتی فوج کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارتی شہر ناگپور سے 90کلومیٹر دور واقع پلگاؤں میں بھارتی فوج کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں آرڈیننس فیکٹری کے آفیشلز شلکھا راؤنڈز کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے جس میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے اس کی پروڈکشن روکنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

لیکن شلکھا راؤنڈز کو تباہ کرنے کے دوران ہی صبح 7 بجے ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک فوجی، آرڈیننس فیکٹری کا ملازم اور دیگر چار افراد ہلاک ہو گئے۔

2014 سے اب تک روس کے بنائے گئے 23 ایمونیشنز کی پیداوار روکی جا چکی ہے جہاں تکنیکی حکام نے ان کے ڈیزائن میں مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے استعمال کے دوران حادثے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے ذرائع کے مطابق 23 ایم ایم ایمونیشن کے راؤنڈز کے چند حادثات سامنے آنے کے بعد آرڈیننس فیکٹری کے بورڈ نے اس کی پیداوار روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔

دو سال قبل اسی اسلحہ ڈپو میں ٹینک شکن بارودی سرنگوں کے گودام میں دھماکوں کے نتیجے میں دو فوجیوں سمیت 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

سینٹرل ایمونیشن ڈپو بھارت کا سب سے بڑا اسلحے کے ذخیرے کا ڈپو ہے جسے دوسری جنگ عظیم میں بنایا گیا تھا۔

Read Comments