Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2018 06:07pm

عرفان خان بیماری کے بستر سے اٹھ کر گھر آگئے

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان جنہیں رواں برس مارچ میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

عرفان خان نے جہاں بیماری کے علاج کے دوران بھی ہمت نہیں ہاری، وہیں وہ اپنے مداحوں کو وقتا بوقتا اپنی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے تھے۔

ان کے حوالے سے رواں برس اگست میں خبر سامنے آئی تھی کہ ان کی 6 کیموتھراپیاں مکمل ہوگئیں۔

رپورٹس تھیں کہ کیموتھراپیوں کی وجہ سے وہ کافی کمزور ہوگئے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ان کی حالت بہتر بتائی گئی تھی۔

یہ اطلاعات بھی تھیں کہ عرفان خان صحت مند ہوتے ہی فلمی دنیا میں واپسی کریں گے اور ممکنہ طور پر وہ اپنی 2017 کی فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل سے اداکاری کا ایک بار پھر آغاز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان صحت مند ہوگئے، ایک ہفتے میں بھارت لوٹیں گے

گزشتہ ماہ 24 اکتوبر کو خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کی نیورو اینڈو کرائن کا علاج تقریبا مکمل ہوگیا اور وہ جلد ہی بھارت پہنچ کر فلموں کی شوٹنگ کا آغاز کردیں گے۔

اطلاعات تھیں کہ عرفان خان کی 6 کیمو تھراپیاں مکمل ہوگئیں اور وہ بہتر صحت کی جانب لوٹنے لگے ہیں اور وہ جلد ہی بھارت آکر اپنی آنے والی فلم ’ہندی میڈیم 2‘ کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔

علاج کے دوران بھی عرفان خان سوشل میڈیا پر متحرک رہے—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عرفان خان آئندہ ایک ہفتے کے اندر ہی بھارت پہنچ جائیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

لیکن اب ان کے حوالے سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے کہ وہ بیماری کے بستر سے اٹھ کر بھارت آگئے تھے، تاہم وہ ایک بار پھر لندن منتقل ہوگئے۔

مزید پڑھیں: عرفان خان صحت مند زندگی کی طرف لوٹنے لگے

پنک ولا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ یہ اطلاعات تھیں کہ عرفان خان دیوالی کے موقع پر وطن لوٹیں گے، تاہم اس حوالے سے 10 نومبر تک کوئی خبر سامنے آئی۔

رپورٹس ہیں کہ عرفان خان گزشتہ ہفتے بھارت آئے تھے—فوٹو: فیس بک

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ عرفان خان رواں ماہ بھارت آئے تھے اور اداکار نے ایک مندر میں جاکر مذہبی عبادات بھی کیں۔

تاہم رپورٹ میں عرفان خان کی جانب سے مندر میں مذہبی عبادات کرنے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

رپورٹس ہیں کہ جلد عرفان خان بھارت لوٹیں گے—فائل فوٹو: زی نیوز

ساتھ ہی رپورٹ میں عرفان خان کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکار رواں ماہ ایک ہفتے کے لیے بھارت آئے تھے، تاہم انہوں نے مندر میں جاکر کوئی مذہبی عبادات نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: جیسے میرا سفر ختم ہونے کو ہے، عرفان خان

رپورٹ کے مطابق عرفان خان نے ایک ہفتہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے ہی فارم ہاؤس میں گزارا، جس کے بعد وہ مزید علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ جلد ہی عرفان خان وطن لوٹیں گے اور وہ اپنی فلم ہندی میڈیم 2 سمیت دیگر سپنا دی دی کی شوٹنگ شروع کریں گے۔

تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ عرفان خان کب تک مکمل صحت مند ہوکر بھارت لوٹیں گے۔

امکان ہے کہ عرفان خان ہندی میڈیم 2 سے اداکاری کی پھر سے شروعات کریں گے—اسکرین شاٹ

Read Comments